سیالکوٹ کے جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین میں مالی امداد کے چیکس کی تقسیم کا آغاز ،ڈسکہ میں تقریب،ذیشان رفیق نے چیکس تقسیم کئے

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب میں سیالکوٹ کے جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین میں مالی امداد کے چیکس کی تقسیم کا آغاز ڈسکہ میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا۔ صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے متاثرہ خاندانوں کو چیکس دیئے۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے قائد نواز شریف کے عوامی خدمت کے مشن کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب میں اگر بروقت اقدامات نہ کئے جاتے تو نقصانات کئی گنا زیادہ ہوتے اور وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت نے اس قدرتی آفت کا جانفشانی سے سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا ازالہ ممکن نہیں مگر حکومت متاثرین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہر حقدار تک امداد شفافیت کے ساتھ پہنچ رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف دن رات سیلاب زدگان کی خدمت میں مصروف رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناقدین کو جب سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے کام میں کمی نظر نہیں آئی تو وہ محض ہماری تصاویر پر تنقید کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس انہی دنوں عوام بجلی کے بلوں سے پریشان تھے مگر مریم نواز شریف نے انہیں 58 ارب روپے کا ریلیف دیا اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعلی ہر مشکل کی گھڑی میں اپنی عوام کے شانہ بشانہ موجود ہوتی ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ کمشنر گوجرانولہ سید نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے اپنی ٹیموں کے ساتھ دن رات محنت کی جبکہ ستھرا پنجاب کے ورکرز نے بھی گھر گھر جا کر متاثرین کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمشنر گوجرانولہ کے ساتھ گجرات میں اربن فلڈنگ کے دوران ذاتی طور پر موجود تھے اور سیلابی پانی کی نکاسی تک وہاں موجود رہے تھے۔

چیکس کی تقسیم کے دوران صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے سیلاب میں جانبحق ہونے افراد کے لواحقین کو تسلی دی اور وزیر اعلی مریم نواز شریف کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔

جواب دیں

Back to top button