الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں کا شیڈول ایک مرتبہ پھر منسوخ، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کے تحت بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن کا آج اہم اجلاس پنجا ب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ہوا۔ جس کی صدارت سکندر سلطا ن راجہ چیف الیکشن کمشنر نے کی۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری ا لیکشن کمیشن ، سپیشل سیکرٹری ، سپیشل سیکرٹری لاء اور دیگر سینیئر آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ پنجاب اسمبلی نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ا یکٹ 2025 پاس کر دیا ہے۔ جس کی منظوری گورنر پنجاب نے دے دی ہے۔ مذکورہ بالا ایکٹ کے اجراء کے ساتھ ہی پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 منسوخ کر دیا گیاہے۔ لہذا الیکشن کمیشن نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022کے تحت جو حلقہ بندی کمیٹیوں ، اتھارٹیوں اور حلقہ بندی کے شیڈول کا نوٹیفکیشن کیا تھا اُسے واپس لینا چاہیے۔ مزید سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کو مراسلہ تحریر کیا ہے۔ جس میں اُنہوں نے کہا ہے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025منظور ہوگیا ہے۔ جس میں لوکل گورنمنٹس کا سٹرکچر وغیر ہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ لہذا صوبائی حکومت کو تین سے چار ہفتے دیئے جائیں تاکہ وہ حلقہ بندی اور ڈیمار کیشن رولز کی تکمیل کو یقینی بنائے۔سپیشل سیکرٹری لاء نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے پاس ہونے کے بعد سابقہ قانون کے مطابق حلقہ بندی کرنا اور الیکشن کیلئے اقدامات اُٹھا نا الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 219 کی خلاف ورزی ہوگی۔ جس میں واضح طورپر لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن مروجہ لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت انتخابات کروائے گا۔ الیکشن کمیشن نے آئین وقانون اور حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ ؛ الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروائے گا۔  لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت دیاگیا حلقہ بندی کا شیڈول واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔

 پنجاب گورنمنٹ کو حلقہ بندی اور ڈیمار کیشن رولز کی تکمیل کیلئے 4 ہفتے دینے کا فیصلہ کیا۔ جس میں مزید اضافہ نہ کیا جائے گا۔آفس کو حکم دیا گیا کہ صوبائی حکومت کو تحریر کریں کہ وہ مذکورہ بالا کام 4ہفتے کے اندر مکمل کرے۔بصورت دیگر لوکل گورنمنٹ الیکشن کے مسئلے کو ریگولر سماعت کیلئے مقر ر کر کے کمیشن مناسب فیصلہ کرے گا۔

جواب دیں

Back to top button