چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد شہر میں کیش لیس اکانومی کے فروغ کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر فنانس طاہر نعیم، سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے سینئر افسران سمیت مرکزی کمرشل بینکس و ٹیلکوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن کے مطابق اسلام آباد کو کیش لیس اکانومی کے حواے سے ماڈل شہر بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں اسلام آباد میں کیش لیس اکانومی کو فروغ دینے کے حوالے سے اب تک کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں ہر قسم کے لین دین کیلئے راست کیو آر کوڈ ڈسپلے کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں اسلام آباد کے ہفتہ وار بازاروں، سی ڈی اے کے ون ونڈو فیسلیٹیشن سینٹر اور میٹرو و الیکٹرک بسوں میں کامیابی کیساتھ کیش لیس نظام متعارف کرایا جاچکا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد شہر میں 39 ہزار سے زائد وینڈرز (Vendors) اور دوکاندار کیش لیس نظام کا حصہ بن چکے ہیں اور کیو آر کوڈ سسٹم کے نفاذ کا دائرہ کار شہر بھر کے تمام مراکز، شاپنگ مالز اور کلاس تھری مارکیٹوں تک بھی بڑھایا جا رہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیش لیس نظام پر پیش رفت کے جائزہ کیلئے ڈیش بورڈ کے زریعے مختلف بینکس و مالیاتی ادارے اپنے ڈیٹا شئیر کرتے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کیلئے ایک مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز دکانداروں اور تاجروں کیساتھ صارفین کو راست کیو آر کوڈ کے زریعے ادائیگیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے مراعات دیں اور اس مقصد کیلئے ٹریڈ یونینز کے ساتھ سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جائے تاکہ تاجروں کو درپیش مسائل کو سنا جاسکے اور انہیں عملی رہنمائی دی جاسکے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز، پیٹرول پمپس، اسکولوں اور ریستورانوں میں بھی کیش لیس نظام لازمی متعارف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بینکس کی فیلڈ ٹیمیں سی ڈی اے و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر تاجروں اور صارفین کو بہتر رہنمائی فراہم کریں اور کیش لیس عمل کو مزید تیز بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں، بینکوں اور کاروباری کمیونٹی کے ساتھ مؤثر رابطہ کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان اقدامات سے اسلام آباد کو مکمل طور پر ایک کیش لیس اور ڈیجیٹلائزڈ شہر کے طور پر متعارف کرایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے اسلام آباد میں شفاف اور محفوظ ترین ڈیجیٹل لین دین کے طریقے کار کو فروغ ملے گا۔






