زیر التواء سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کا تیز تر آغاز اور سیکٹر I-15 میں مالکان کو پلاٹس کا قبضہ حوالے کرنے کے عمل کی شروعات

اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سیکٹر ڈویلپمنٹ کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔ اس ضمن میں زیر التواء سیکٹرز میں جہاں ترقیاتی کام تکمیلی مراحل میں ہیں وہاں ایسے سیکٹرز جہاں اب تک ترقیاتی کاموں کا آغاز نہیں کیا گیا وہاں اب باقاعدہ ترقیاتی کاموں کو شروع کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ مزید برآں مکمل شدہ سیکٹرز میں مالکان کو پلاٹس کا قبضہ حوالے کرنے کے عمل کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔اس ضمن میں سیکٹر C-16/1 اور C-16/2 میں ترقیاتی کاموں کیلئے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے گئے ہیں۔سیکٹر C-16/1 اور C-16/2 میں ترقیاتی کاموں کا تخمینہ 5 ارب روپے لگایا گیا ہے جس کے لئے ٹینڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں۔اسی طرح سی ڈی اے کے سیکٹر C-15 میں روڈ انفراسٹرکچر کے کاموں سمیت کلورٹس اور باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے 67 ملین روپے کے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں، کئی دہائیوں سے زیر التواء سیکٹر I-15 میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد 13 نومبر بروز جمعرات کو سی ڈی اے پلاٹس کا قبضہ مالکان کے حوالے کرنے جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر میں کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر زیر تعمیر سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کو تیز کر دیا گیا۔ جسکے نتیجے میں C-14 اور I-12 میں ترقیاتی کام بھی تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور آنے والے چند ماہ کے اندر الاٹیز کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ حوالے کردیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹرز ڈویلپمنٹ کی جلد تکمیل کیلئے سیکٹرز ڈویلپمنٹ سے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نئے سیکٹرز میں ڈویلپڈ پلاٹس کا قبضہ جلد دینے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے مزید کہا کہ اسلام آباد شہر میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کیساتھ ساتھ شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سیکٹر ڈویلپمنٹ بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

جواب دیں

Back to top button