چیئرمین سی ڈی اےمحمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیر کے روز اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو "آسان خدمت مرکز” منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ "آسان خدمت مرکز” منصوبے کے 65 فیصد سے زائد ترقیاتی کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے اور منصوبے کو جلد مکمل کرکے شہریوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ "آسان خدمت مرکز” کو جدید خطوط پر استوار اور عوامی خدمات کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ "آسان خدمت مرکز” منصوبے پر کام کی جلد تکمیل کے ساتھ اعلیٰ معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ "آسان خدمت مرکز” کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی خدمات و سہولیات کا حصول ایک ہی چھت تلے ممکن ہوگا۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو ٹی چوک فلائی اوور منصوبے اور شاہین چوک انڈر پاس منصوبے میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹی چوک انٹرچینج کا تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ جبکہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے پر گرڈر لانچنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شاہین چوک انڈر پاس اور ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے 24/7 تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے دونوں منصوبوں کو خوبصورت اور جاذب نظر بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر ایل ای ڈی لائٹس اور ایس ایم ڈیز نصب کرنے کی ہدایت کی۔فیض آباد انٹرچینج کی ری ماڈلنگ منصوبے کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیض آباد انٹرچینج ری ماڈلنگ منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے نئی لوپس کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ فیض آباد انٹرچینج منصوبے کے تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کی بہاؤ کو جاری رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد شہر میں جاری تمام بڑے منصوبوں پر تعمیراتی کاموں کی بہتر نگرانی کیلئے کیمرے تنصیب کئے جاچکے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز تمام ترقیاتی منصوبوں پر کیمروں کے ذریعے 24/7 مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر نگرانی کے زریعے منصوبوں کی جلد تکمیل اور انکے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان تمام منصوبوں کا مقصد اسلام آباد کو دنیا کا بہترین اور مثالی شہر بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد شہر کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی سمیت شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button