کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے امور قانون سازی و نجکاری کا اجلاس، متعدد فیصلوں کی منظوری

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے امور قانون سازی و نجکاری کے اجلاس کے دوران متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیر قانون، مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب حکومت اور اقوام متحدہ کے آفس فار پراجیکٹ سروسز کے درمیان ایم او یو پر دستخط، پی ایچ اے ڈی جی خان کے چئیرمین، وائس چیئرمین اور ارکان کے ناموں کی منظوری دی۔ اس موقع پر کمیٹی نے زور دیا کہ کسی بھی ادارے کے بورڈ کے لئے نجی ارکان کے انتخاب کیلئے باقاعدہ طریقہ کار طے کیا جائے۔ اس حوالے سے ایک سرچ کمیٹی بھی تشکیل دینے پر غور کیا جانا چاہیئے۔ اجلاس کے دوران پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کے بورڈ ارکان کی نامزدگی کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل نہ کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کو جرمانہ بڑھانے کے قانون میں ترمیم بھی منظور کی۔ اس ضمن میں کابینہ کو موٹر سائیکل کے لئے ایک ہزار، کار اور چھوٹی گاڑیوں کو 2 ہزار اور بھاری ٹرانسپورٹ کو 5 ہزار روپے جرمانے کی سفارش کی گئی ہے۔ کابینہ کمیٹی نے پنڈی بھٹیاں میں نئی قائم ہونے والی سب جیل کو فعال کرنے جبکہ پولیس انسپکٹرز، سب انسپکٹرز کی بھرتی اور ترقی کے قواعد میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی و نجکاری نے کینال کمانڈ ایریاز اور واٹر سپلائی کے مسودہ قانون میں ترمیم کی منظوری موخر کرتے ہوئے پہلے تفصیلی بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا۔ ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ناموں، کونسل برائے حقوق معذوراں کی تشکیل کی درخواست اور چار ماہرین کی بطور ممبر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزرا نے کہا کہ فیصلوں کی حتمی منظوری وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف دیں گی۔

جواب دیں

Back to top button