تحصیل کونسل خار کا باقاعدہ اجلاس سول کالونی، خار میں منعقد ہوا، جس کی صدارت تحصیل چیئرمین سید بادشاہ نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد کورم کی مکمل تصدیق کی گئی۔ کورم پورا ہونے پر اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔اجلاس میں تحصیل کونسل کے تمام اہم ایجنڈا نکات پر تفصیلی اور سنجیدہ غور و خوض کیا گیا۔ اراکینِ کونسل نے مختلف ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر اپنی آراء پیش کیں اور تجاویز دیں۔

اس موقع پر تحصیل چیئرمین سید بادشاہ نے میڈیم ٹرم ڈویلپمنٹ پلان (MTDP) کونسل کے سامنے پیش کیا، جس میں تحصیل خار کی مجموعی ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری، انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مستقبل کی حکمتِ عملی شامل تھی۔ کونسل اراکین نے منصوبے کا بغور جائزہ لیا اور اس پر تفصیلی تبادلۂ خیال کے بعد اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔میڈیم ٹرم ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری کے بعد تحصیل چیئرمین سید بادشاہ نے کونسل کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ تحصیل خار کی پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے ایم ٹی ڈی پی کی متفقہ منظوری پر کونسل کے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اجتماعی کوششوں سے تحصیل خار کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔






