کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی رمضان ٹیلنٹ ہنٹ ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) رمضان ٹیلنٹ ہنٹ ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کردیا گیا۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت متعلقہ سنئیر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے رمضان کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ابتدائی پلان خواتین کی 4 ٹیموں کا تھا لیکن اب خواتین کی 6 ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتخب بچیوں نے اوپن ٹرائلز میں شاندار ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا تھا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر سے باصلاحیت خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے کھلاڑیوں کو اس ٹیلنٹ ہنٹ ٹورنامنٹ میں یکساں مواقع فراہم کئے گئے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی اسی طرز پر ٹیلنٹ ہینٹ پروگرام شروع کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انعامی رقم دو لاکھ سے بڑھا کر چھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ فائنل ٹیلنٹ سلیکشن کے بعد سی ڈی اے بطور ادارہ کھلاڑیوں کو ریٹین بھی کریگا اور منتخب کھلاڑی مستقبل میں سی ڈی اے کی نمائندگی بھی کریگی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اوپن ٹرائل کے ذریعے کھلاڑیوں کا میرٹ پر انتخاب کیا گیا تھا اور تمام کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں ابھارنے کا بھرپور موقع دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ F-6 اور G-9 کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحتمندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد، ججز پینل اور دیگر امور کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں میرٹ پر پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button