پنجاب میں اسموگ سیزن سے قبل آلودگی کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ، ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ کی متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں۔
سُتھرا پنجاب اتھارٹی کو سڑکوں کی خشک صفائی فوری ترک کرنے کا حکم، مکینیکل یا گیلی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔خشک صفائی سے سڑکوں کی گرد و غبار دوبارہ فضا میں شامل ہوتی ہے، فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے متبادل صفائی نظام اپنایا جائے، ادارہ تحفظ ماحول پنجاب کے مطابق کچرا، پتے اور دیگر فضلہ کھلے عام جلانے پر سخت پابندی، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔زیر تعمیر سڑکوں اور عمارتوں پر ڈسٹ کنٹرول ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم، پانی کا چھڑکاؤ اور تعمیراتی سامان کو ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔تعمیراتی منصوبوں کے اطراف ڈسٹ کنٹینمنٹ بیریئرز نصب کیے جائیں، گرد و غبار کو آبادی اور سڑکوں تک پھیلنے سے روکا جائے، ادارہ تحفظ ماحول پنجاب نےڈسٹ کنٹرول ایس او پیز پر عملدرآمد کو تعمیراتی منصوبوں کی منظوری اور تکمیل کی شرائط کا حصہ بنانے کی تجویز دی ہے۔ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے ہدایت کی ہے کہ اسموگ سے پہلے آلودگی کے ذرائع کو کنٹرول کیا جائے، ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ترجمان ادارہ تحفظ ماحول پنجاب ساجد بشیر: خشک صفائی، تعمیراتی گرد و غبار اور کچرا جلانے کے خلاف مانیٹرنگ مزید سخت کی جارہی ہے۔ترجمان ساجد بشیر کے مطابق صاف ہوا کے لئے آلودگی کے ذرائع کو اسموگ سیزن سے پہلے ہی کنٹرول کرنا اولین ترجیح ہے۔



