*وزیراعلیٰ امجد حسین نے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دینے کا مطالبہ کر دیا*

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کے معاشی استحکام کے لیے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں حصہ دیا جائے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی کابینہ اور گلگت بلتستان اسمبلی کی جانب سے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دینے اور خطے کے معاشی استحکام کے حوالے سے منظور کی گئی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ 78 سال سے مسئلہ کشمیر کے باعث آئینی و معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ عوام اور سیاسی جماعتیں قومی دھارے میں مؤثر شمولیت اور معاشی استحکام کے ایجنڈے پر متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے تناظر میں گلگت بلتستان کو کم از کم عبوری آئینی صوبے کا درجہ دیا جائے اور خطے کے معاشی استحکام کے لیے این ایف سی ایوارڈ کے تحت مناسب حصہ فراہم کیا جائے، تاکہ عوام میں پائے جانے والے احساسِ محرومی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

Back to top button