پی ایم ڈی ایف سی کا 28واں سالانہ جنرل باڈی اجلاس،اہم انتظامی و مالیاتی فیصلوں کی منظوری

پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کا 28واں سالانہ جنرل باڈی اجلاس چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عماد افتخار ملک کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ، فنانس اور دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندگان اور جنرل باڈی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمپنی کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، مالی و انتظامی امور اور مستقبل کی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ادارے کی ترقی اور استعدادِ کار میں اضافے سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس کے دوران پی ایم ڈی ایف سی کے سالانہ بجٹ، آڈیٹرز کی تقرری اور دیگر اہم انتظامی و مالیاتی امور کی منظوری دی گئی۔ جنرل باڈی نے کمپنی کے میمورنڈم اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دی۔ اجلاس کا ایک اہم فیصلہ پی ایم ڈی ایف سی کو بطور کنسلٹنسی فرم اپنی پیشہ ورانہ اور تکنیکی خدمات فراہم کرنے کی منظوری تھا، جس سے ادارے کے لیے اپنی مہارت اور تجربے کو مزید مؤثر انداز میں بروئے کار لانے، آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے اور مالی خودانحصاری کی جانب پیش رفت کی راہ ہموار ہوگی۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز نے شرکا کو کمپنی کی مجموعی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، ادارہ جاتی اقدامات اور مستقبل کی ترجیحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایم ڈی ایف سی پنجاب کے شہروں میں شہری سہولیات کی بہتری، خصوصاً فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی ترقی اور بلدیاتی اداروں کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، بین الاقوامی معیار کے مطابق تکنیکی مہارت اور مؤثر نگرانی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سید زاہد عزیز نے کہا کہ پی ایم ڈی ایف سی نے گزشتہ 28 برسوں کے دوران شہری ترقی، میونسپل سروسز کی بہتری اور بلدیاتی اداروں کی تکنیکی و انتظامی معاونت کے شعبوں میں قابلِ قدر تجربہ اور مہارت حاصل کی ہے۔ کمپنی کو بطور کنسلٹنسی فرم خدمات فراہم کرنے کی منظوری اس تجربے سے مزید استفادہ کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس فیصلے کو کمپنی کی ادارہ جاتی ترقی، مالی استحکام اور تکنیکی صلاحیتوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عماد افتخار ملک نے کہا کہ پی ایم ڈی ایف سی پنجاب میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور بہتری کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور جدید شہری ترقی کے تقاضوں کے پیشِ نظر بلدیاتی اداروں کی استعدادِ کار میں اضافہ اور ترقیاتی منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔چیئرمین نے کہا کہ پی ایم ڈی ایف سی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تکنیکی مہارت اور وسیع تجربے کو بروئے کار لا کر ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمپنی کو ایک مضبوط، خودمختار، مالی طور پر مستحکم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ پنجاب کے شہریوں کو بہتر اور پائیدار بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں ادارے کا کردار مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران پی ایم ڈی ایف سی کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور نمایاں کامیابیوں پر مبنی ایک خصوصی دستاویزی ویڈیو بھی پیش کی گئی، جس میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور بلدیاتی خدمات کے فروغ کے لیے کمپنی کے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر پی ایم ڈی ایف سی کے قیام سے اب تک کے 28 سالہ سفر، اہم سنگ میل، ترقیاتی منصوبوں اور ادارہ جاتی کامیابیوں کا احاطہ کرتی خصوصی کافی ٹیبل بک کی رونمائی بھی کی گئی۔ کتاب میں کمپنی کی جانب سے پنجاب کے مختلف شہروں میں شہری سہولیات کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات اور نمایاں کامیابیوں کو تصویری اور معلوماتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔اجلاس کے اختتام پر شرکا نے پی ایم ڈی ایف سی کی کارکردگی اور شہری ترقی کے لیے اس کی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کی تکنیکی صلاحیتوں، مالی خودانحصاری اور پیشہ ورانہ استعداد میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پی ایم ڈی ایف سی پنجاب میں پائیدار شہری ترقی، جدید میونسپل انفراسٹرکچر اور عوام کو معیاری بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button