سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے فراہمی و نکاسی آب کے ماہرین پر مشتمل وفد نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کا مطالعاتی دورہ کیا۔ دورے کا انعقاد آگاہی اور ویلٹ ہنگر ہلفے کے اشتراک سے کیا گیا، جس کا مقصد کامیاب تجربات، جدید طریقہ کار اور بہترین عملی مثالوں کے بین الصوبائی تبادلے کو فروغ دینا تھا۔ وفد کے شرکا میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سندھ و بلوچستان، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا سمیت فراہمی و نکاسی آب اور واش سیکٹر میں سرگرم دیگر سرکاری اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندگان شامل تھے۔ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پی ایم ڈی ایف سی کے تحت شہری ترقی، فراہمی و نکاسی آب، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے صوبوں کے درمیان باہمی تعاون، علم کے تبادلے اور واش سیکٹر کو درپیش مسائل کے پائیدار حل تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مدثر جاوید، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ایویلیوایشن واسا لاہور نے واسا لاہور کے منصوبوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مبارک علی سرور، چیف ایگزیکٹو آفیسر آگاہی نے مطالعاتی دورے کے مقاصد اور واش سیکٹر میں بین الصوبائی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔وفد کو پاکستان واٹر آپریٹرز نیٹ ورک (پی وان)، پی ایم ڈی ایف سی اور واسا لاہور کے منصوبوں، کامیاب تجربات اور ادارہ جاتی اصلاحات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پی ایم ڈی ایف سی اور واسا لاہور کے مختلف اقدامات اور کامیابیوں پر مبنی خصوصی ڈاکومینٹریز بھی دکھائی گئیں۔

میٹنگ میں طاہرہ جبین، نیشنل کوآرڈینیٹر پی وان، عمیر بٹ، شاہد ابراہیم، علی مفتی، عامر محمود شاہ، ایس پی او جی آئی ایس، اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔شرکا نے پی ایم ڈی ایف سی اور واسا لاہور کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بین الصوبائی سطح پر تجربات، تکنیکی مہارت اور قابلِ عمل ماڈلز کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔



