پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سمیت دیگر سیوریج منصوبوں میں ایچ ڈی پی ای لائنڈ پائپس کا استعمال باعث اطمینان ہے: ورلڈ بینک مشن

ورلڈ بینک کے ایک اعلیٰ سطحی مشن نے جدید ایچ ڈی پی ای (HDPE) لائنڈ سیوریج پائپس تیار کرنے والی فیکٹری کا دورہ کیا اور وہاں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی، پیداواری عمل اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔وفد کی قیادت ورلڈ بینک کے سینئر اربن اسپیشلسٹ صہیب رشید اور کارلو البرٹو نے کی۔ دورے کے دوران فیکٹری انتظامیہ نے وفد کو مختلف پیداواری یونٹس، جدید مشینری اور پائپ مینوفیکچرنگ کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ عماد افتخار ملک، ممبر بورڈ قمرالزمان، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) سید زاہد عزیز، جنرل منیجر انجینئرنگ عدنان نثار خان اور جنرل منیجر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ محمود مسعود تمنا بھی موجود تھے۔فیکٹری منیجر جمیل شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ فیکٹری نے حال ہی میں مقامی سطح پر جدید ایچ ڈی پی ای لائنڈ سیوریج پائپس کی پیداوار کا آغاز کیا ہے۔ چین سے درآمد کی گئی جدید ترین مشینری کی مدد سے ان پائپس کے اندر خصوصی ایچ ڈی پی ای تہہ نصب کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں پائپس کی متوقع عمر روایتی سیوریج پائپس کے مقابلے میں تقریباً 25 سال سے بڑھ کر 100 سال تک ہو جاتی ہے۔فیکٹری انتظامیہ کے مطابق ادارے کی ماہانہ پیداواری صلاحیت مختلف قطر کے تقریباً 17 کلومیٹر طویل سیوریج پائپس تیار کرنے کی ہے۔ یہ پائپس روایتی سیوریج پائپس کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہیں اور زنگ، کیمیائی اثرات اور دیگر ماحولیاتی عوامل کے خلاف بہتر مزاحمت رکھتے ہیں، جس سے سیوریج نظام کی طویل المدتی کارکردگی اور پائیداری میں نمایاں بہتری آئے گی۔ورلڈ بینک مشن نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت جاری سیوریج سکیموں میں ان جدید ایچ ڈی پی ای لائنڈ پائپس کے استعمال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پائپس شہری انفراسٹرکچر کی پائیداری اور طویل المدتی کارکردگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔مشن کے اراکین نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام (PICP) کے تحت مستقبل میں شروع ہونے والی سیوریج سکیموں میں بھی ان جدید پائپس کو ترجیحی بنیادوں پر استعمال کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو طویل عرصے تک مؤثر، پائیدار اور معیاری سیوریج سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button