ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ/میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل نے جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اسے تمام بس آپریٹرز اور ٹرانسپورٹرز تک پہنچایا گیا اور نئی کرایہ فہرستوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔اس سلسلے میں رات 12 بجے سے خصوصی مانیٹرنگ اور چیکنگ مہم کا آغاز کیا گیا تاکہ اوورچارجنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

دورے کے دوران کاشف جلیل نے مختلف بسوں اور اڈوں کا معائنہ کیا اور مسافروں سے براہِ راست کرایوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ مسافروں سے دریافت کیا گیا کہ آیا کسی ٹرانسپورٹر یا بس عملے کی جانب سے مقررہ کرایوں سے زائد وصولی تو نہیں کی جا رہی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کو حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق کرایوں میں کمی پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔مانیٹرنگ کا مقصد عوام کو حکومتی ریلیف کے ثمرات کی فراہمی اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔






