پاکستان واٹر آپریٹرز نیٹ ورک (PWON)، ویلٹ ہنگر ہلفے (WHH) اور ایسوسی ایشن فار جینڈر اویئرنیس اینڈ ہیومن ایمپاورمنٹ (AGAHE) کے درمیان پاکستان میں واٹر، سینیٹیشن اور ہائیجین (WASH) سیکٹر کی مضبوطی، پائیدار ترقی اور ادارہ جاتی استعداد کار کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب۔پاکستان واٹر آپریٹرز نیٹ ورک لاہور ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران ڈبلیو ایچ ایچ (WHH) کی پروگرام ہیڈ ازابیل، آگاہی سے منیجر واش اینڈ کلائمیٹ چینج محمد وقاص طاہر اور پاکستان واٹر آپریٹرز نیٹ ورک (PWON) کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) سید زاہد عزیز نے معاہدے پر دستخط کئے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت فریقین پاکستان میں واٹر سیکٹر کے استحکام، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ خدمات، پالیسی اصلاحات، تحقیق، استعداد کار میں اضافے، علم کے تبادلے اور پائیدار ترقیاتی ہدف نمبر 6 (صاف پانی اور صفائی ستھرائی) کے حصول کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ معاہدے کے تحت پاکستان واٹر آپریٹرز نیٹ ورک (PWON) کو قومی سطح پر نالج ہب اور واٹر سیکٹر کے مرکزی رابطہ پلیٹ فارم کے طور پر مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ حکومتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں، جامعات، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر روابط اور اشتراک عمل کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی وان سید زاہد عزیز نے کہا کہ پاکستان میں واٹر سیکٹر کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے علم، تحقیق اور بہترین عالمی تجربات کا تبادلہ ناگزیر ہے اور پاکستان واٹر آپریٹرز نیٹ ورک اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت واٹر سیکٹر میں موسمیاتی تبدیلی، پالیسی ڈائیلاگ، تحقیق اور تکنیکی معاونت کو فروغ دیا جائے گا جبکہ عالمی اداروں اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنا کر جدید ماڈلز اور تجربات سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی وان کے پلیٹ فارم کے ذریعے ملک بھر میں واٹر یوٹیلیٹیز، واٹر سروس فراہم کرنے والے اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ محفوظ، مساوی اور پائیدار واٹر و سینیٹیشن خدمات کی فراہمی کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔محمد وقاص طاہر نے کہا کہ یہ شراکت داری واٹر سیکٹر میں ادارہ جاتی استعداد کار، نظامی اصلاحات علم، تحقیق اور تجربات کے تبادلے اور پالیسی سازی کے عمل کو نئی جہت دے گی۔ایزابیل (WHH) نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مضبوط ادارے، مؤثر شراکت داریاں اور اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت نوجوانوں، جامعات، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور دیگر متعلقہ اداروں کی شمولیت کو فروغ دے کر واٹر سیکٹر میں جامع اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کی جائے گی۔تقریب میں پی وان کی نیشنل کوآرڈینیٹر طاہرہ جبین، شاہد ابراہیم، عمیر بٹ آگاہی سے محسن غفار اور فرحت جہانگیر سمیت مختلف اداروں کے نمائندگان اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری تحائف پیش کئے گئے۔

