پی وان کو نالج اینڈ ریسورس ہب بنانے پر مشاورت، ملک بھر سے واٹر آپریٹرز اور ماہرین کی شرکت، پی وان کی ویب سائٹ کے لیے تجاویز پیش

پاکستان واٹر آپریٹرز نیٹ ورک (پی وان) کے تحت لاہور میں ایک مشاورتی ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے واٹر آپریٹرز اور ماہرین نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا اہتمام آگاہی اور ویلٹ ہنگر ہلفے کے تعاون سے کیا گیا۔ مشاورت کا مقصد پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے شعبے میں پی وان کو قومی سطح پر علم اور وسائل کے مرکز کے طور پر مزید فعال بنانا تھا تاکہ مختلف شہروں میں خدمات فراہم کرنے والے ادارے ایک دوسرے کے عملی تجربات اور تکنیکی معلومات سے استفادہ کر سکیں۔ چیئرمین پی وان سید زاہد عزیز نے افتتاحی کلمات میں ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ اس موقع پر پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے جنرل منیجر انجینئرنگ عدنان نثار خان نے پنجاب کے شہروں میں فراہمی و نکاسیٔ آب کے شعبے میں کمپنی کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ان اقدامات میں پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت سیوریج کے نظام کی بہتری، گندے پانی کی صفائی کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹس کا قیام اور بارش کا پانی جمع کرنے کے لیے زیرِ زمین ٹینکوں کی تعمیر شامل ہے۔ورکشاپ کے تکنیکی سیشن میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن مردان اور واسا ملتان کے افسران نے اپنے اپنے شہروں میں جاری اقدامات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن پشاور کی جانب سے پانی سے متعلق کیے گئے مطالعاتی کام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اربن یونٹ کی بریفنگ میں مری میں بارش کا پانی جمع کرنے کے منصوبے کا تعارف پیش کیا گیا۔ ان بریفنگز کے ذریعے شرکا کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہروں میں پانی اور صفائی سے متعلق مقامی ضروریات اور ان پر کام کرنے والے اداروں کے تجربات سے آگاہی ملی۔ورکشاپ کا ایک سیشن پی وان کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے مختص تھا۔ اس سیشن میں واٹر آپریٹرز اور ماہرین نے گروپوں میں پی وان کی ویب سائٹ پر تبادلۂ خیال کیا۔ گروپ ورک مکمل ہونے پر ہر گروپ نے اپنی تجاویز شرکا کے سامنے پیش کیں۔ یہ مشق پی وان کو ایک ایسا قومی مرکز بنانے کے لیے مشاورت کا حصہ تھی جہاں مختلف اداروں کا تکنیکی کام اور تجربہ دوسرے واٹر آپریٹرز کے لیے بھی قابلِ رسائی ہو۔اختتامی کلمات میں آگاہی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مبارک علی سرور نے ورکشاپ میں شرکت، اپنے اداروں کے تجربات پیش کرنے اور مشاورتی عمل میں حصہ لینے پر تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

Back to top button