گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کی ری اسٹرکچرنگ اور استعدادِ کار میں اضافے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی سربراہی میں گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام (GBRSP) کی ری اسٹرکچرنگ اور استعدادِ کار میں اضافے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ری اسٹرکچرنگ کا بنیادی مقصد اس اہم ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور اسے اپنے مقررہ اہداف کے حصول کے قابل بنانا ہے۔ادارے کی انتظامیہ کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی ہے، جس کے باعث گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام ان مقاصد اور اہداف کے حصول میں کامیاب نہیں ہو سکا جن کے لیے اس ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ حکومت کا مقصد ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانا، انتظامی امور میں بہتری لانا اور اس کے مستقبل کے لیے درست سمت کا تعین کرنا ہے تاکہ یہ ادارہ موثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکے۔اجلاس میں گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رضامندی سے فیصلہ کیا گیا کہ سیکشن 42 کے تحت ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے لیے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اپنی سفارشات مرتب کرکے منظوری کے لیے پیش کرے گا، جس کے بعدگلگت بلتستان رولر سپورٹ پروگرام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل مکمل ہوجائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ اور بورڈ ممبران کی مدتِ تعیناتی کے تعین کے حوالے سے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات مرتب کرکے منظوری کے لیے پیش کرے گا۔اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ، سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ، سیکریٹری پلاننگ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری قانون، گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button