وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا صوبے کے سرکاری کالجوں کی سولرائزیشن کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ میں آج طلبہ سے مخاطب ہوں، طلبہ ہمارا مستقبل ہیں، ملک کی باگ ڈور نوجوانوں نے ہی سنبھالنی ہے۔مجھے اس بات پر فخر ہے کہ آج آپ کے کالج کا سٹوڈنٹ اعلیٰ تعلیم کا وزیر ہے، طلبہ کو محنت کر کے اپنے اندر وہ خوبیاں پیدا کرنی ہیں جو ملک کو اوپر لے جائیں۔ ہم نے وہ نظام بنانا ہے جس میں کوئی طبقہ محروم نہ ہو، ہر کسی کو برابر کے مواقع ملیں، ہم تب عظیم انسان بن سکتے ہیں جب ہماری سوچ بڑی ہو گی، ناکامی کو ہم نے شکست دینی ہے، طلبہ نے محنت کر کےآگے بڑھنا ہے۔آپ نے آگے بڑھتے رہنا ہے ایک ناکامی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ رک جائیں، محنت کا کوئی بھی متبادل نہیں، خوب محنت کریں اور اپنا لوہا منوائیں۔
محدود وسائل کے باوجود طلبہ کی فلاح کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے، اسکالرشپس کی تعداد بڑھا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو مواقع مل سکیں۔پاکستان ہمارا ملک ہے اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہماری زمہ داری ہے، بانی چیئرمین عمران خان ہمیشہ کہتے ہیں خوف اور میں کے بت توڑ دیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی نعمتوں سے تب نوازے گا جب ہم مخلوق کی خدمت کریں گے، ہماری حقیقی آزادی ضروری ہے، جب حق مانگتے ہیں تو جیلوں میں ڈالا جاتا ہے ظلم کیا جاتا ہے، ایسا نظام بنانا ہے جس میں کوئی آئین کو نہ توڑ سکے، کسی کے ساتھ کوئی ظلم نہ ہو۔






