نوجوانوں کو باروزگار اور خود مختار بنانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کا ایک سنگ میل عبور، ”احساس نوجوان“ پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا عمل شروع ہو گیا۔پروگرام کے تحت صوبے کے نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلٰی نے اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے نوجوانوں میں بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کئے۔ احساس نوجوان پروگرام نوجوانوں کو باروزگار اور با اختیار بنانے کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کےلئے بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں، یہ 3 سالہ منصوبہ ہے جس پر 3 ارب روپے کی لاگت سے عمل درآمد شروع کیا گیا ہے، علی امین خان گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ
اس پروگرام پر عمل درآمد کےلئے رواں بجٹ میں 1 ارب 10 کروڑ روپے مختص ہیں، پروگرام کے پہلے حصے پر بینک آف خیبر کے اشتراک سے عمل درآمد کیا جارہا ہے، جس کے تحت 1 ارب روپے کی لاگت سے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں۔پروگرام کے اسی حصے میں 18 سے 35 سال تک 3 سے 5 نوجوانوں پر مشتمل کلسٹرز کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جارہے ہیں، ان قرضوں کی واپسی کےلئے 8 سالوں پر مشتمل آسان شیڈول رکھا گیا ہے، پہلے 20 ماہ گریس پیرئیڈ ہوگا جس کے دوران کوئی وصولی نہیں ہوگی۔پروگرام کے دوسرے حصے پر اخوت مائیکرو فنانس بینک کے اشتراک سے عمل درآمد کیا جارہا ہے جس کی لاگت 2 ارب روپے ہے، پروگرام کے اس حصہ میں 18 سے 40 سال تک کے افراد کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار شرو ع کرنے کےلئے 1 لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کئے جارہے ہیں، پروگرام کے تحت نوجوان خواتین اور خصوص افراد کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ 3 مختلف پروگرامز احساس اپنا گھر پروگرام ،احساس روزگار پروگرام اور احساس ہنر پروگرام بھی جلد شروع کئے جارہے ہیں، احساس پروگراموں کےلئے رواں بجٹ میں مجموعی طور پر 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

ہمارا ویژن اور مشن ایک خود مختار قوم اور خود کفیل ملک ہے، ہم نے بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو باروزگار بنانے کے لئے احساس نوجوان پروگرام شروع کیا ہے۔نوجوانوں ملازمت سے زیادہ اپنا کاروبار شروع کرنے پر توجہ دیں، کاروبار میں ترقی کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہوتے ہیں، کاروبار کے مواقع ہم فراہم کریں گے، نوجوانوں آئیڈیاز لے آئیں، نوجوان محنت کو اپنا شعار بنائیں، محنت کا کوئی متبادل نہیں۔






