چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ورلڈ بینک کی سینئر ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ پروگرام سپیشلسٹ لیسلے کوریڈرو (Lesley Y. Cordero) نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی. ملاقات میں ممبر انوائرمنٹ سمیت سی ڈی اے کے سنئیر افسران نے بھی شرکت کی. ملاقات کا مقصد اسلام آباد میں سموگ کی صورتحال کو بہتر بنانا اور شہر کی ائیر کوالٹی کو بہتر کرنے کے حوالے سے اقدامات کرنا تھا.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی رہنمائی کیلئے مصدقہ ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) جاری کیا جائے. ملاقات میں ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات اور تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سموگ کے اسباب کے تدارک کے حوالے سے سموگ سیزن سے قبل قابل عمل اقدامات کی ضرورت ہے. ملاقات میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد شہر میں تمام گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹس کو یقینی بنایا جائے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانا چاہتے ہیں. انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لئے الیکٹرک بسوں کی سہولت متعارف کرادی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کا منصوبہ اسلام آباد کے ماحول کو بہتر بنانے کی طرف اہم قدم ہے.چیئرمین سی ڈی اے نے فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے ورلڈ بینک کے ساتھ شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سال بھرپور شجرکاری مہم سے فضائی آلودگی پر قابو پانا چاہتے ہیں. انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک ان اقدامات کے حوالے سے کاربن کریڈٹ حاصل کرنے کے لئے اپنی تکنیکی مدد فراہم کرے.

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کاربن کریڈٹ سیل کے قیام کے حوالے سے ورلڈ بینک معاونت کرے. ملاقات میں سینئر ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ پروگرام سپیشلسٹ لیسلے کوریڈرو (Lesley Y. Cordero) نے اسلام آباد کے ائیر کوالٹی انڈیکس کو بہتر بنانے اور سموگ کے تدارک کے لئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اسلام آباد کے ماحول کی بہتری کے لئے قلیل، وسط اور طویل المدت پلان کی تیاری کے حوالے سے اپنی معاونت دینے پر رضا مندگی کا بھی اظہار کیا.اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ورلڈ بینک کی تکنیکی صلاحیتوں اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا.






