وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کے تمام حلقوں سے تعلق رکھنے والے اراکینِ اسمبلی، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی واسا، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے حکام اور تمام ٹاؤنز کے زونل و میونسپل افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا، درپیش چیلنجز کو حل کرنا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔وزیر خزانہ نے اجلاس میں اراکینِ اسمبلی سے ان کے حلقوں میں درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ لی اور متعلقہ بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو درپیش مشکلات کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے تحت شہر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد بنیادی شہری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوام کو بہترین معیارِ زندگی فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پورے شہر میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری، پختہ سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکس کی بحالی اور سیوریج کے جدید سسٹم کی تنصیب پر کام تیزی سے جاری ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ لاہور کے تمام زونز میں جدید سیوریج اور ڈرینج سسٹم کے قیام کے لیے ڈسپوزل یونٹس قائم کیے جا رہے ہیں، تاکہ نکاسی آب کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر زور دیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان ایک شفاف اور موثر منصوبہ ہے، جس میں مالیاتی نظم و ضبط کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد اس کے ثمرات پہنچ سکیں۔
وزیر خزانہ پنجاب نے اراکینِ اسمبلی پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں اور عوامی مسائل کے حل میں متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی شمولیت اس منصوبے کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے اور وہ اپنے ووٹرز کے اعتماد کا حق ادا کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر خزانہ نے کہا کہ لاہور کی ترقی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کو ایک کامیاب ماڈل بنایا جائے گا، جو نہ صرف شہر کی مجموعی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔






