چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور چائنیز سفارخانے کے وفد کے مابین بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی. ملاقات میں چین کے سفارت خانے کے منسٹر کونسلر یانگ گوانگ کی سربراہی میں سکینڈ سیکریٹری ژی یانگ اور اتاشی یانگ ڈپانگ پر مشتمل وفد نے شرکت کی. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے چین کے سفارخانے کے وفد کا سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں خیر مقدم کیا. چینی وفد نے چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں اسلام آباد کو خوبصورت اور جدید بنانے کیلئے سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں چینی کمپنیوں کا سرمایہ کاری کیلئے خیر مقدم کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت اور آئی ٹی کی صنعت پاکستان کا روشن مستقبل ہیں.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ بگ ڈیٹا اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں پاکستان چین کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے. چینی وفد نے پاکستان میں ٹئیر فور ڈیٹا سینٹرز کے قیام میں تعاون اور دلچسپی کا اظہار کیا.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے ڈیٹا سینٹر کے قیام کیلئے بہترین جگہ کا انتخاب کر رہا ہے. انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بگ ڈیٹا سینٹرز کے حوالے سے بہترین مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے.چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ڈیٹا سینٹر کے قیام کے حوالے سے چین کی تیکنیکی صلاحیتوں اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے. ملاقات میں اسلام باد میں ڈیجٹیل انفراسٹرکچر کے فروغ کیلئے سی ڈی اے اور چین نے باہمی اشتراک کے عزم کا اظہار بھی کیا.

ملاقات میں مختلف سیاحتی اور تفریحی منصوبوں کے قیام کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاحت اور میزبانی کی صنعت کے حوالے سے بہترین مواقع موجود ہیں.چینی وفد نے تفریحی منصوبوں میں شامل اسلام آباد میں الیکٹرک کبیل کار، اسلام آباد آئی فیریز ویل، تھیم پارک، ایف نائن میں زپ لائن کے قیام کو سراہا. ملاقات میں ڈیٹا سینٹر اور دیگر شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا.






