وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے یورپی یونین کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق اولوف سکوگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بنیادی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے یورپی یونین کی پاکستان خصوصاً پنجاب سے مسلسل شراکت داری اور انسانی حقوق کے معاملے پر تعمیری روابط کو سراہا۔ یورپی یونین کے وفدنے پنجاب حکومت کی انسانی حقوق کے تحفظ کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے یورپی یونین کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے میکانزم کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔
پنجاب میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے فروغ کیلئے پرعزم اور کاربند ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اقلیتوں، خواتین، بچوں، سپیشل افراد اور دیگر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان نے حالیہ عرصے میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق اہم جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ اگست 2024 میں پاکستان نے نسل پرستی کے خاتمے کے بین الاقوامی کنونشن (ICERD) کے تحت جائزہ کامیابی سے پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کے فروغ کیلئے یورپی یونین سے اشتراک مستقبل میں مزید بنائیں گے۔ یورپی یونین کے نمائندے اولوف سکوگ نے پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق کے فروغ اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔






