پنجاب فوڈاتھارٹی کا صحت دشمن عناصر کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں ٹیموں نے فیروز پور روڈ پر واقع معروف سویٹس اینڈ بیکرز یونٹ کی چیکنگ کرتے ہوئے ناقص انتظامات پر پروڈکشن یونٹ بنداور 2 من سے زائد سویٹس، چاکلیٹ پاؤڈر تلف کردیا۔

جاری تفصیلات میں بتایا گیا کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر سیکشن 18 کے تحت بیکری کو بند کیا گیا، صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات، چوہوں کی بھرمار پائی گئی، پروڈکشن ایریا میں واشروم، اشیاء پر ایکسپائری تاریخ درج نہ تھی، کھلی ٹوکریاں، ٹوٹے گندے زنگ آلود فریزر اور ناقص گھی کا استعمال کیا جا رہا تھا، تیار بیکری اشیاء ٹوٹے مکھیوں سے بھرے فرش پر بغیر ڈھانپے رکھی پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس عدم موجود پائے گئے، ممنوعہ رنگوں اور ایکسپائر اشیاء کی ملاوٹ سے سویٹس تیار کی جارہی تھی، ممنوعہ اشیاء کا خوراک میں استعمال معدہ جگر اور آنتوں کو متاثر کرسکتا ہے، خوراک میں جعلسازی کرنے والوں کے گرد زیرو ٹالرینس کے تحت گھیرا تنگ کر رہے ہیں، صحت دشمنوں کی سرکوبی کے لیے مسلسل فیلڈ آپریشن جاری ہیں، شہری اشیاء کی خرید سے قبل جانچ پڑتال یقینی بنائیں؛ شکایت کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔




