غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں تعمیرات و قبضوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی،سی ڈی اے کے اجلاس میں فیصلہ

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت چیف کمشنر آفس اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجیرنگ سید نفاست رضا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ڈائریکٹر جنرل پلاننگ، ڈائر جنرل لا، ڈائریکٹر جنرل سپیشل پراجیکٹس، ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاؤسنگ، رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز، اے ڈی سی جی اور دیگر متعلقہ سنئیر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ممبر پلاننگ سی ڈی اے نے اسلام کے مختلف زونز میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف قانون کے مطابق اُٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بتایا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ

تمام غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائیٹیز و کوآپریٹو ہاؤسنگ کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے، سی ڈی اے اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کی حدود میں آنے والی تمام ہاوسنگ سوسایٹیز اور کوآپریٹو سوسائٹیز کا مکمل اور جامع ڈیٹا تیار کیا جائے۔ ہر سوسائٹی کے لے آوٹ پلان، این او سی اور پلاٹس الاٹمنٹ کا مکمل ڈیٹا خصوصا مقررہ زمین سے زیادہ فائلز فروخت کرنے والی ہاوسنگ سوسایٹیز کے نام اور زون کی تفصیلات اکٹھی کرکے مکمل (Database) ڈیٹا بیس بنایا جائے۔اجلاس میں سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز اور پرائیویٹ و کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف قانون کے مطابق بلاتفریق کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات و قبضوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی تاکہ شہر کے رہائشی علاقوں میں ناجائز تجاوزات کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ شہر کی قدرتی خوبصورتی اور ماحول کو برقرار رکھا جاسکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے کی ویب سائٹ پر قانونی اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تفصیلات عوام کی سہولت کیلئے فراہم کی گئیں ہیں تاکہ عوام اپنی سرمایہ کاری سے پہلے متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے بارے میں سی ڈی اے کے متعلقہ پلاننگ ونگ یا سی ڈی اے کی ویب سائٹ سے متعلقہ سوسائٹی کی قانونی حیثیت کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکیں۔اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کو بلڈنگ اور دیگر میٹریل فروخت کرنے والے افراد کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی سے متعلق بتایا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کے لے آؤٹ پلان اور این او سی کا جائزہ لینے اور لے آؤٹ پلان/ این او سی کی منظوری سے زیادہ فائلیں بیچنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ اس ضمن میں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی کوآپرٹیو سوسائٹیز کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کا مقصد اسلام آباد کی تعمیر، ترقی اور خوبصورت شہر بنانے کے علاوہ اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی ضرویات کو پورا کرنا ہماری اولیں ترجیح ہے اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہری قانون کے مطابق اپنی سرمایہ کاری کرسکیں۔

جواب دیں

Back to top button