وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹوکیو کے جدیدترین ٹیکنالوجی کے شاہکار ٹریفک کنٹرول مرکز کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کوٹریفک کنٹرول روم کے کام اور استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ٹریفک کنٹرول اور مانیٹرنگ کے لئے، ٹوکیو کو ”انفرا ریڈ ٹیکنالوجی“استعمال کرنے والا پہلا شہرہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ٹوکیو میں ٹریفک کنٹرول اور مانیٹرنگ کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں اورسڑک کنارے لگے سینسرز کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ٹریفک کنٹرول روم میں ڈیٹاجمع کرنے، ٹرانسپورٹ پلاننگ اور انفراسٹرکچر کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنی قطار میں رہنے،اوور سپیڈنگ اور سگنل کی خلاف ورزی روکنے کیلئے نگرانی کے جدید نظام کا بھی مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو حادثات اور ہنگامی حالت میں ایمبولینس کی فراہمی اور پولیس کارروائی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ ٹریفک کنٹرول سسٹم کے ذریعے ٹوکیو میں موسمی تبدیلی سے عوام کو آگاہ کرنے کے نظام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کے تجربات اور ٹیکنالوجی کو پنجاب میں ٹریفک اور شہری نظام کی بہتری کے لئے بروئے کار لائیں گے۔ لاہور کو جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے پہلی سمارٹ سٹی بنایا جائے گا، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبے کے لیے فنڈز بھی دے دئیے ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں کے ٹریفک نظام کو اے آئی سے جوڑا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے پنجاب میں 12ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر ومرمت مکمل کرچکے ہیں۔ ٹریفک کا دباؤکم کرنے کے لئے لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم متعارف کرا رہے ہیں۔ سیف سٹی کیمروں کو ٹریفک مانیٹرنگ کے لئے استعمال کیاجارہا ہے۔






