وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر میں فائر آڈٹ،دو ہفتوں کا الٹی میٹم،تھرمل ڈرونز،جیو ٹیگڈ فائر ہائیڈرینٹس،بلڈنگ کوڈز 2022 کا نفاذکا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبے بھر کی تمام مارکیٹوں، عمارتوں، سکولوں اور ہائر رائز بلڈنگز کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبے بھر میں فائر ڈرل کرانے کا بھی حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فائر سیفٹی حفاظتی ضوابط مکمل کرنے کے لئے دو ہفتے کی مہلت دے دی اور بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر عملدآرمد کے لئے پیرا فورس کو خصوصی اختیارات تفویض کرنے اور خصوصی سیل بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر صوبہ بھر میں تمام عمارتوں میں داخلی اور خارجی راستے کلیئر رکھنا لازم قرارد دیا گیا ہے۔ تمام عمارتوں میں حفاظتی سائن ایج درست اور واضح ہونا بھی لازم قرار دیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 کی نشاندہی پر جیو ٹیگڈ مقامات پر واسافائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب یقینی بنائے گا۔ ریسکیو 1122 پنجاب کو فائر فائٹنگ کے لئے تھرمل اور دیگر ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں دو ہفتوں کے اندر تمام عمارتوں میں ایکسٹرنل فائر ہائیڈرینٹس نصب کیے جائیں گے۔ ریسکیو 1122 صوبہ بھر میں اہم مقامات کی جیو ٹیگنگ کرے گا۔ پنجاب حکومت انسانی اور عماراتی تحفظ کے لئے تمام صنعتی اداروں کے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی ایشیا میں صرف ریسکیو 1122 پنجاب کو اقوام متحدہ کی سرٹیفکیشن حاصل ہے۔اسی سال کے دوران ریسکیو 1122 سروسز پنجاب کی تمام تحصیلوں میں متعارف کرائی جائیں گی۔ پنجاب میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم کے باعث ریسکیو سروسز کی رسائی مزید بہتر ہوئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عمارتوں میں آتشزدگی سے نمٹنے کے لئے ہمت کے ساتھ حکمت اور ٹیکنالوجی بھی ضروری ہے۔عمارتی تحفظ یقینی بنانا ہوگا،عوام کی زندگی سے کھیلنے والوں کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔پنجاب کی ہر تحصیل،ہر مارکیٹ،ہر بلڈنگ،ہر سکول،ہر ہائی رائز اب محفوظ ہوگا۔






