وزیراعلٰی پنجاب ٹاسک فورس کا اجلاس، تحصیلوں کی حدبندی میں تبدیلی پر غور

وزیراعلٰی پنجاب کی قائم کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس بورڈ آف ریونیو میں چیئرمین وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ہوا۔ ٹاسک فورس کے ارکان وزیر خزانہ میاں مجتبی شجاع الرحمان، وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، کمشنر لاہور زید بن مقصود اور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب بھر میں تحصیلوں کی حدود اور حلقہ بندیوں کی پیچیدگی پر غور کیا گیا۔ٹاسک فورس نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آبادی میں اضافے کے لحاظ سے انتظامی حدود میں ردوبدل ضروری ہے۔ ٹاسک فورس کے چیئرمین وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کی تشکیل کے وقت تحصیلوں کی حدبندی پر بھی نظرثانی کرنا پڑے گی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو ان کے گھروں کے قریب زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں نئی تحصیلوں اور لوکل گورنمنٹ ٹائونز کا قیام ضروری ہے۔ اس موقع پر وزیر قانون، مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ حالیہ مردم شماری کے اعدادوشمار کی روشنی میں تمام محکموں کو نئی حلقہ بندی کے لحاظ سے ضروری انتظامات کرنا ہوں گے۔ بالخصوص محکمہ تعلیم کو خصوصی اقدامات کرنے ہوں گے۔ وزیر خزانہ و پارلیمانی امور میاں مجتبٰی شجاع الرحمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی حدبندی کرتے ہوئے مالیاتی مضمرات کو پیش نظر رکھا جائے گا۔ لاہور کی آبادی ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ضلع لاہور کو ماڈل بنا کر باقی اضلاع میں بھی نئی حدبندی کی جائے۔ ایس ایم بی آر نبیل جاوید، کمشنر لاہور زید بن مقصود اور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے وزیراعلی ٹاسک فورس کو بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button