نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد افتخار گیلانی کی وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام سے یہ پہلی ملاقات تھی۔
افتخار گیلانی نے انجینئر امیر مقام کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ملاقات میں افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوران بھرپور انتخابی مہم چلانے پر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ امیر مقام کی دو سالہ محنت کے باعث آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو تاریخی کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر امیر مقام نے آزاد کشمیر بھر میں قائد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ان کا پیغام گھر گھر پہنچایا۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی کامیابی انجینئر امیر مقام کی محنت کا بھی ثمر ہے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انجینئر امیر مقام نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی تاریخی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن کو تاریخی مینڈیٹ دیا، جس پر عوام کے شکر گزار ہیں۔وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان اور قائد میاں محمد نواز شریف کے تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کام کریں گے۔ملاقات میں خیبر پختون خواہ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ اور اوورسیز کی نشست پر کامیاب ہونے والے آزاد کشمیر کے ممبر اسمبلی عبدالرحمان ارائین بھی موجود تھے۔






