وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے "ڈیجیٹل پنجاب، شفاف پنجاب” ویژن کے تحت محکمہ بلدیات اور نادرا کے اشتراک سے شہریوں کی سہولت کا اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے شیخوپورہ شہر کے دورے میں یونین کونسلز میں پیدائش، وفات، شادی سرٹیفکیٹس کے لئے بائیو میٹرک سسٹم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ کمپنی باغ میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ بینش فاطمہ، ڈی جی نادرا، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور، اے ڈی سی میونسپل سروسز اور شہری بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ نئے سی آر ایم ایس CRMS بائیو میٹرک سسٹم کے آغاز سے جعلی اندراج اور بوگس سرٹیفکیٹس کا خاتمہ ہوسکے گا۔
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بائیو میٹرک سسٹم کے اجرأ پر محکمہ بلدیات اور نادرا کی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف شہریوں کو گھر کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی کی قائل ہیں۔ اس ویژن کے تحت اب ہر سرٹیفکیٹ کا اجرأ نادرا کے ڈیٹا بیس سے بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے سسٹم کے آغاز سے نظام میں 100 فیصد شفافیت آئے گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے "ڈیجیٹل پنجاب” ویژن کے تحت یہ سسٹم تمام یونین کونسلز میں مرحلہ وار نافذ ہوگا۔ شہریوں کو کسی سفارش اور رشوت کے بغیر بروقت اور مستند سرٹیفکیٹ ملیں گے۔ اپنے دورے میں ذیشان رفیق نے کمپنی باغ شیخوپورہ میں یادگاری پودا بھی لگایا۔






