کاشت کاروں کو بےنظیر ہاری کارڈ دینے کےلئے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ زراعت و آبپاشی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بےنظیر ہاری کارڈ سے زرعی شعبے کی ترقی کےلیے بجٹ میں 8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ ربیع کا موسم شروع ہونے والا ہے اس لیے کاشت کاروں کو مراعات ملنے سے وہ ربیع کی دوسری فصلوں کے علاوہ گندم کی اچھی فصل بھی اگا سکیں گے۔

اجلاس منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر حسین شاہ، وزیر زراعت محمد بخش مہر، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری زراعت رفیق برڑو، سیکریٹری مالیات فیاض جتوئی اور سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ نے شرکت کی۔ وزیر زراعت جام خان شورو اور سیکریٹری خوراک خالد شیخ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کاشت کاروں خصوصاً چھوٹے کسانوں کی بےنظیر ہاری کارڈ کے ذریعے مدد کےلیے آٹھ ارب روپے مختص کیے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب کے موقع پر سندھ میں 40 لاکھ ایکڑ پر خریف کی فصل کھڑی تھی جس میں سے 36 لاکھ ایکڑ سے زیادہ تباہ ہوگئی تھی۔ سیلاب کے دوران کل نقصانات کا تخمینہ 421 ارب روپے لگایا گیا تھا۔ ہم زرعی شعبے کی بحالی کےلیے کوشاں ہیں اور درآمدی زرعی اشیا پر انحصار کم کرنے کےلیے نئی فصلیں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے فیصلہ کیا کہ محکمہ زراعت کسانوں کو برآمدی فصلیں کاشت کرنے کےلیے رہنمائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاول برآمد کر رہے ہیں اور زیادہ تر دالیں درآمد کر رہے ہیں جبکہ دالوں کی مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ بہت بڑی ہے۔ مراد علی شاہ نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ میں فصلوں کا تجزیہ کرے اور کسانوں کو مشورہ دے کہ وہ خاص طور پر وفاقی حکومت کی درآمد کردہ فصلیں اگائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کاشت کاروں کو زمین ہموار کرنے کی مشینری فراہم کرنے کےلیے محکمہ زرداعت کی ورکشاپس کو فعال کیا جائےگا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ ہمیں زیادہ سے زیادہ زمین آباد کرنے کےلیے کسانوں کی مدد کرنا ہوگی اور پانی کے موثر استعمال کے طریقے بھی اپنانے ہوں گے۔

جواب دیں

Back to top button