خیبر پختونخوا ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی طرف گامزن۔ ای گورننس کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کا ایک اور انقلابی اقدام،صوبائی حکومت نے جرمانوں کی وصولی کا ان لائن نظام متعارف کرادیا۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ”ڈیجیٹل محاصل“ کے نام سے ای-فائنز پورٹل کا اجراء کردیا۔
اس پورٹل کے ذریعے ہر قسم کے جرمانے عائد اور وصول کرنے کے سارے عمل کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے، ابتدائی طور پر پورٹل کا اجراء ضلع پشاور سے کیا گیا ہے جسے بعد میں دیگر تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ ابتداء میں ضلعی انتظامیہ کے ماتحت تمام محکمے اور ادارے اس پورٹل کے ذریعے جرمانوں کی وصولی کریں گے۔ بعد ازاں اس میں ٹیکسز اور دیگر ریونیو کے عمل کو بھی شامل کیا جائے گا۔ یہ پورٹل جرمانے عائد اور وصول کرنے کا ایک یکساں اور مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو آف لائن بھی کام کرے گا۔پورٹل کے ذریعے ٹیکسز، فائنز اور ریونیو کولیکشن کے مجموعی نظام میں شفافیت آئے گی۔ جرمانے عائد کرنے اور ان کی وصولی میں دھوکہ دہی، غلطی اور ڈپلیکیش کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔ اس سے شہریوں کو پتہ چلے گا کہ اُن پر جرمانہ قانونی طریقے سے عائد کیا گیا ہے۔ شہریوں کو یہ بھی پتہ چلے گا کہ جرمانوں کی مد میں اُن سے وصول کی گئی رقم براہ راست حکومت کے خزانے میں چلی گئی ہے۔ اب ضلعی انتظامیہ اور پولیس سمیت جرمانے عائد کرنے والے محکمے اور ادارے جرمانے عائد اور وصول کرنے لئے لازمی طور پر اس پورٹل کا استعمال کریں گے۔ آرٹیفشل انٹیلیجنس بیسڈ ڈیش بورڈ بھی اس پورٹل کا حصہ ہے جس پر جرمانوں سے متعلق تمام تر تفصیلات دستیاب ہوں گی۔ پورٹل کے تحت QR کوڈ فراہم کیا جائے گا جس سے جرمانوں/ ادائیگیوں کی آن لائن تصدیق ممکن ہو گی۔ جرمانوں کی آن لائن ادائیگیوں کے لئے پورٹل کے ساتھ ای پیمنٹ کا نظام بھی متعارف کیا جائے گا۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ یہ پورٹل نا صرف شہریوں کے لیے ایک جدید سہولت ہے بلکہ اس سے اداروں کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہو گا۔ پورٹل کے موثر استعمال سے صوبائی حکومت کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ صوبائی حکومت ای گورننس پالیسی کے تحت تمام شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کے لیے کوشاں ہے۔ یہ پورٹل صوبے میں ای گورننس کے فروغ کی طرف ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکمے اس پورٹل کا موثر استعمال یقینی بنائیں، حتمی ہدف صوبائی محکموں میں پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر اور شفاف بنانا ہے، اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ حکام کو اپنی ذمہداریاں بطریق احسن انجام دینی ہوں گی۔