محکمہ بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا میں عرصہ دراز سے سیاسی بنیادوں پر غیر متعلقہ افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس پر آل کیڈر لوکل گورنمنٹ ایکشن کمیٹی نے متعدد بار اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ تاہم مسلسل یقین دہانیوں کے باوجود اس عمل کو نہیں روکا گیا۔حالیہ دنوں میں پشاور سٹی، بنوں سٹی اور دیگر اہم عہدوں پر سیاسی اثر و رسوخ کے نتیجے میں غیر متعلقہ افراد کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا، جبکہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے اپنے سینئر افسران کو بغیر کسی واضح وجہ، کمزوری یا عوامی شکایت کے او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ اس اقدام پر محکمہ بلدیات کے تمام کیڈرز کے ملازمین نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل دفتر میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر سے سینئر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، تحصیل اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، سینئر اسسٹنٹ انجینئرز، تحصیل اسسٹنٹ انجینئرز، صوبائی صدر آل سیکرٹریز ایسوسی ایشن اور دیگر کیڈرز کے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی کہ کسی واضح پالیسی کے بغیر صرف سیاسی بنیادوں پر غیر متعلقہ افراد کی تعیناتی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ تعیناتیاں صرف ضرورت اور خالی آسامیوں کی بنیاد پر ہونی چاہئیں۔ایکشن کمیٹی کی خصوصی دعوت پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات و دیہی ترقی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے شرکائے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں تین سے چار دن کا وقت دیا جائے تاکہ وہ ملازمین کے تحفظات سے ارباب اختیار کو آگاہ کر سکیں اور فیصلے پر نظرثانی کی راہ ہموار ہو سکے۔ اس یقین دہانی پر شرکائے اجلاس نے اتفاق کیا۔پانچ دن بعد ایکشن کمیٹی کے ارکان نے دوبارہ ڈائریکٹر جنرل بلدیات سے ملاقات کی اور پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے اپنی کاوشوں سے ایکشن کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ اس معاملے پر سیکرٹری بلدیات سے بھی ملاقات کی جائے۔ اس پر ایکشن کمیٹی نے آمادگی ظاہر کی اور اگلے روز ڈائریکٹر ایڈمن کی سربراہی میں سیکرٹری بلدیات سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں ڈائریکٹر ایڈمن اور ایکشن کمیٹی نے سیکرٹری بلدیات کو درج ذیل مسائل سے آگاہ کیا:1. غیر متعلقہ افراد کی تعیناتی کے احکامات فوری طور پر منسوخ کیے جائیں۔2. بلدیاتی نظام میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سے قبل ڈائریکٹر جنرل آفس کو اعتماد میں لیا جائے۔3. سابق ڈسٹرکٹ کونسل ملازمین کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔سیکرٹری بلدیات نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ کسی غیر متعلقہ فرد کو تعینات نہیں کیا جائے گا۔ تاہم پشاور سٹی کے معاملے میں ایکشن کمیٹی سے درخواست کی کہ وہ اپنے موقف میں کچھ نرمی اختیار کرے تاکہ مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی نظام میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں ڈائریکٹر جنرل آفس سے لازمی مشاورت کی جائے گی اور ڈسٹرکٹ کونسل ملازمین کو پہلے سے موجود پالیسی کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ایکشن کمیٹی نے صوبے بھر کے ملازمین کو ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لیے 12 مارچ کو ڈائریکٹر جنرل آفس میں ایک اجلاس طلب کیا، جس میں ایکشن کمیٹی نے اپنی تمام تر کارکردگی اور پیش رفت سے شرکاء کو آگاہ کیا۔اجلاس میں شریک اکثریتی ملازمین نے اس صورتحال پر شدید ناراضگی اور تشویش کا اظہار کیا اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اگر غیر متعلقہ افراد کو عیدالفطر سے قبل فارغ نہ کیا گیا تو عید کے فوراً بعد صوبہ بھر میں مکمل ہڑتال کی کال دی جائے گی۔اکثریتی شرکاء کی رائے کی روشنی میں ایکشن کمیٹی نے سیکرٹری بلدیات کو ایک باضابطہ مراسلہ (اجلاس کی منٹس) ارسال کیا، جس میں اپنے تحفظات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔ مراسلے میں واضح کیا گیا کہ اگر غیر متعلقہ افراد کی تعیناتی کے احکامات واپس نہ لیے گئے تو عید کے فوراً بعد صوبہ بھر میں ڈائریکٹر جنرل آفس، تمام تحصیل اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ویلیج و نیبرہوڈ کونسلز کے دفاتر بند کر دیے جائیں گے.
Read Next
12 گھنٹے ago
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کاروبلس سے اہم ملاقات
18 گھنٹے ago
لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخوا کےعہدیداران کی فنانس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام سےجلد گرانٹ کے اجراء کے لئے ملاقات
2 دن ago
صوبائی وزیر قانون خیبر پختونخوا آفتاب عالم کی زیرِصدارت ڈپٹی کمشنر آفس کوہاٹ میں اہم اجلاس
5 دن ago
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کے زیرِ صدارت پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا 14واں اجلاس
6 دن ago
حکومت خیبرپختونخوا کے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے نے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
Related Articles
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کے زیرِ صدارت شعبہ تعلیم میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس!
1 ہفتہ ago
بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز دیرینہ مسئلہ حل نہ ہوا توہڑتالوں کا لامتناہی سلسلہ شروع کریں گے،لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخوا
1 ہفتہ ago
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے پشاور، ملاکنڈ اور کوہاٹ ریجن کے پارلیمنٹیرینز اور پارٹی رہنماؤں کی اہم ملاقات
2 ہفتے ago


