سکھر شہر کو محفوظ بنانے اور منشیات سمیت شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے سکھر میونسپل کارپوریشن اور سکھر پولیس نے ہاتھ ملا لئے۔ سکھر میونسپل کارپوریشن اور سکھر پولیس کا جوائنٹ وینچر ، انڈس ایگل اسکواڈ کا آغاز کر دیا گیا۔

انڈس ایگل اسکواڈ سکھر کی لانچنگ کی پروقار تقریب پولیس مددگار 15 پر منقعد ہوئی۔تقریب میں رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔میونسپل کارپوریشن سکھر کی جانب سے میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ اور سکھر پولیس کی طرف سے ایس ایس پی سکھر امجد شیخ نے جوائنٹ وینچر کے ایم او یو پر دستخط کئے۔ایم این اے سید خورشید احمد شاہ ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ نے ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ایس ایس پی سکھر امجد شیخ کے ہمراہ ربن کاٹ کر انڈس ایگل اسکواڈ کا باضابطہ افتتاح کیا۔میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ایس ایس پی سکھر امجد شیخ کو اسکواڈ کے لیے موٹر بائیک کی چابی حوالے کی۔ انڈس ایگل اسکواڈ 60 اہلکاروں پر مشتمل ہے ، ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بتایا کہ ایگل اسکواڈ میں میونسپل کارپوریشن سکھر کی اینٹی انکروچمنٹ کے 20 اہلکار بھی شامل ہیں۔میونسپل کارپوریشن سکھر نے 30 موٹر بائیکس انڈس ایگل اسکواڈ کو دی ہیں۔ انڈس ایگل اسکواڈ شہر کی 24 گھنٹہ نگرانی کرے گا۔اسکواڈ میں جلد خواتین اہلکار بھی شامل کی جائیں گی۔اسکواڈ کا مقصد شہر کی امن امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنا ہے۔ سٹریٹ کرائم ، منشیات اور شہر سے تجاوزات کا خاتمہ اسکواڈ کے فرائض میں شامل ہے۔ایس ایس پی سکھر امجد شیخ نے کہا کہ انڈس ایگل اسکواڈ شہر کو محفوظ بنانے کیلئے بہترین اضافہ ہے۔شہر کی نگرانی کرنے میں آسانی ہوگی۔انڈس ایگل اسکواڈ جرائم ، منشیات اور دیگر سماجی برائیوں کی شکایات پر بروقت کارروائی عمل میں لائے گا۔پیٹرولنگ میں بہتری آئے گی ، اور موٹر سائیکل سنیچنگ کو روکنے میں مدد ملے گی۔






