وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لاہور شہر میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل کے حل اور مسافروں کی سہولت کے لیے ایکو فرینڈلی ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے پر منصوبہ بندی جاری ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس میں
منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے شہر کے درمیان سے گزرنے والے برساتی نالے کے اوپر تعمیر کیا جائے گا، جس پر یومیہ تقریباً 70 ہزار سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے۔ چار رویہ ایکسپریس وے کے ذریعے گلبرگ مین بلیوارڈ سے موٹروے ایم 2 تک کا سفر صرف 10 منٹ میں طے کیا جا سکے گا۔شہریوں کی سہولت کے لیے منصوبے میں 6 اہم شاہراہوں پر انٹرچینج بنانے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹس پر بھی انٹرچینج شامل کیے جائیں گے۔ اس منصوبے سے نہ صرف ٹریفک مسائل میں کمی آئے گی بلکہ کاربن اخراج میں بھی نمایاں کمی ہوگی، جو ماحول دوست پالیسیوں کے عین مطابق ہے۔اجلاس میں شہر کی بڑی مارکیٹس کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے جامع پلان اور موٹروے کے قریب ایکسپریس وے سے منسلک بس ٹرمینل کے لیے جگہ مختص کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ لاہور ٹریفک ڈی کنجیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ترجمان کے مطابق سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی خصوصی ہدایت پر منصوبے کی منظوری سے قبل ماحولیاتی اثرات پر تفصیلی اسٹڈی مکمل کی جائے گی۔ مکمل پلان وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد حتمی شکل اختیار کرے گا۔اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی واسا پنجاب، نیسپاک انجینئرز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔






