ضلعی انتظامیہ لاہور کا زراعت کے حوالے سے اہم اجلاس، چاول کی پیداوار بڑھانے پر اتفاق

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر کسانوں کی بہبود اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی زیر صدارت زراعت کی مینجمنٹ اور مانیٹرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کے افسران، کسان نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ موثر پالیسی سازی سے چاول کی پیداوار میں نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے اور رواں سال چاول کی کاشت 70 ہزار ایکڑ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ پیداوار میں کمی بیشی کا تعلق رسد اور طلب کے عوامل سے بھی منسلک بتایا گیا۔ اجلاس میں زراعت مینجمنٹ کمیٹی کے ٹی او آرز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کسانوں کی بہتری کے لیے سال میں دو بار اپریل اور اگست میں تربیتی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ضلع میں فصلوں پر کیڑوں کا حملہ بڑی حد تک کنٹرول میں ہے اور کیڑے مار ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ چاول کی فصل کے لیے ممنوعہ کیمیکلز کے استعمال پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ چاول ملکی معیشت کا اہم حصہ اور فوڈ سیکیورٹی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے فصلوں کی نگرانی کا نظام مزید موثر بنانے، کسانوں کو جدید زرعی طریقوں سے آگاہی اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ کھادوں کی دستیابی اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جانے پر زور دیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button