چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے سروے جنرل آف پاکستان کے سربراہ میجر جنرل رفیق الرحمٰن نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی. ملاقات میں دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور اسلام آباد کے لئے تھری ڈی نقشہ جات اور امیجز کے حصول کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا.

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سروے جنرل آف پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتے ہیں. سروئیر جنرل آف پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ سروے جنرل آف پاکستان اسلام آباد کے لئے ڈیجٹلائز نقشے اور امیجز کے لئے تیکنیکی تعاون کیلئے تیار ہے اور اسلام آباد شہر کے لئے رئیل ٹائم اور کم از کم سینٹی میٹر تک پوری درستگی کے ساتھ امیجز فراہم کرسکتا ہے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تھری ڈی امیجز سی ڈی اے کو اسلام آباد کے لے بہتر پلاننگ اور لے آؤٹ پلانز کی تیاری میں مددگار ثابت ہونگے اور شہر کے مسائل کے حل کے لئے تھری ڈی امیجز کو استعمال میں لایا جاسکے گا. انہوں نے کہا کہ تھری ڈی میپ اور امیجز اراضی پر تجاوزات کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنانے میں بھی معاونت فراہم کریں گے. ملاقات میں دونوں اداروں کی ٹیکنیکل ٹیمز تشکیل دینے اور باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سروے جنرل آف پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں، قابلیتوں اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا. ملاقات میں مستقبل میں دونوں اداروں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا.






