کے الیکٹرک کے رویے سے لوگ شدید پریشان ہیں، روش تبدیل نہ ہوئی تو سڑکوں پر آئیں گے،ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی پریس کانفرنس

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے رویے سے لوگ شدید پریشان ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کے ای ایس ای کی نجکاری کی مذمت کی تھی جو لوگ اقتدار میں تھے انہوں نے کے الیکٹرک کی نجکاری کی حمایت کی تھی جہاں بلنگ ہوتی ہے وہاں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے، کے الیکٹرک کو واٹر بورڈ کے واجبات کی ادائیگی کرنی ہے، ان کی دادا گیری نہیں چلنے دیں گے، کے الیکٹرک لوگوں پر مظالم ڈھانا بند کرے، لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں انہوں نے ایوان میں بھیجا ہے اگر یہ روش تبدیل نہ ہوئی تو لوگ سڑکوں پر آئیں گے،کے الیکٹرک کو یہ پیغام دے رہے ہیں روش تبدیل کریں ورنہ دما دم مست قلندر ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور جمن دروان بھی موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں شہر کی ترقی کے لیے کام جاری رکھیں گے، جماعت اسلامی، پاکستان تحریک انصاف کے دوستوں سے بھی بات ہوئی ہے، اس شہر کو سیاست کی نہیں خدمت کی ضرورت ہے، ہم سب ایک پلیٹ فارم پر ہوتے ہوئے شہر کی بہتری کے لیے کام کریں گے، پاکستان پیپلزپارٹی نے بلا تفریق عوام کی خدمت کی ہے کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا، اس شہر کی خدمت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے، پیپلزپارٹی نے ملک کی جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، پاکستان پر 1993 میں دشمن حملہ کرنے کا سوچ رہا تھا لیکن پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے ساتھ ہی اس کا یہ خواب پورا نہ ہوسکا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ 9 مئی ایسا سانحہ ہے جسے ہرگز بھلایا نہیں جا سکتا، مویشی منڈی کے چکر میں نہ پڑا تھا نہ پڑوں گا، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر کام ہوا، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں نرسنگ اسکول کھولا گیا جس سے طلبا و طالبات کو تعلیم کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی، انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے تاکہ لوگوں کو ٹرانسپورٹ کے حصول میں آسانی پیدا ہو، کراچی کے ساتوں اضلاع میں بلاتفریق ترقیاتی کام جاری ہے۔

جواب دیں

Back to top button