وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے وادی کیلاش بمبوریت میں جاری رنگا رنگ چلم جوش تہوار میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم پی اے وزیر زادہ، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ خالد اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

مشیر سیاحت نے وادی میں قائم کیلاش میوزیم اور دیگر اہم ثقافتی مقامات کا دورہ کیا اور کیلاش کمیونٹی کی منفرد ثقافت کو سراہا۔زاہد چن زیب نے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، کیلاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تہوار کے شاندار انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملکی و غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد میں وادی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا کی سیاحت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔مشیر سیاحت نے اعلان کیا کہ وادی کیلاش کی پرانی سڑک کی مرمت و بحالی کے لیے 18 کروڑ روپے محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کو جاری کر دیے گئے ہیں اور جلد ہی تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا، جس سے سیاح پوری وادی کی سیر و تفریح آسانی سے کر سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ چلم جوش تہوار کے دوران ٹورازم پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دیں۔ ٹورازم اتھارٹی نے وادی میں سیاحوں کے لیے کیمپنگ پاڈز کھولنے کے ساتھ ساتھ دیر اور چترال میں موجود سیاحتی سہولت مراکز کے ذریعے بھی خدمات فراہم کیں۔زاہد چن زیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت نہ صرف سیاحت کو فروغ دے رہی ہے بلکہ کیلاش قوم کی منفرد ثقافت کے تحفظ کے لیے بھی پرعزم ہے۔ چلم جوش فیسٹیول کا آخری دن 17 مئی کو وادی بریر میں منایا جائے گا۔






