وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پرشہرلاہورمیں پہلی بائیکرلین کے قیام کے لیے ایل ڈی اے کی جانب سے تیزی سے کام جاری ہے۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید کے ہمراہ فیروز پور روڈ کا دورہ کیا اورجاری کاموں کاجائزہ لیا۔ڈی جی ایل ڈی اے کوبریفنگ میں بتایاگیاکہ کلمہ چوک تا کینال جنکشن فیروز پور روڈ آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔کلمہ چوک فلائی اوور کے اوپر بھی بائیکرز کے لیے مخصوص لین بنائی جائے گی۔کلمہ چوک تا لاہور برج سڑک کی ایک طرف کربر کا کام مکمل ہوچکااوردوسری طرف جاری ہے۔بائیکر لین کے پہلے مرحلے کا کام آئندہ چند روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے فیروز پور روڈ کے اطراف جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔

ڈی جی ایل ڈی اے طاہرفاروق نے بتایاکہ فیروز پور روڈ کینال سے لاہور برج تک دونوں اطراف کل 10 کلومیٹر بائیکر لین پر کام جاری ہے۔ 12 فٹ چوڑی بائیکر لین کو گرہن پینٹ جبکہ ٹرنز پر اورنج پینٹ کیا جا رہا ہے۔پائلٹ پراجیکٹ کا مقصد شہریوں کو بائیکر لین کے استعمال کی طرف لانا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کے تعاون سے بائیکر لین کے کلچر کو پروموٹ کریں گے۔






