عوامی خدمات کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کا جے ایس بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم "زندگی” کے ساتھ ایک اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ

ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دینے اور عوامی خدمات کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کمشنر آفس کوئٹہ ڈویژن اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے جے ایس بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم "زندگی” کے ساتھ ایک اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ (MOU) کر لیا ہے۔اس شراکت داری کا مقصد بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اہم سرکاری محکموں کے بنیادی انتظامی امور کو ڈیجیٹل کرنا ہے، جس میں زمین کے ریکارڈ کا انتظام، ملازمین کی حاضری اور تنخواہ کا نظام شامل ہیں۔ مزید برآں، یہ شراکت پولیو کے خاتمے جیسے سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بھی معاونت کرے گی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات نے اس موقع پر کہاکہ "یہ شراکت داری کوئٹہ کے انتظامی ڈھانچے کی جدید کاری میں ایک اہم قدم ہے۔ زندگی کے ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارت کو شامل کر کے، ہم شہریوں کو تیز، قابل اعتماد اور شفاف خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔”زندگی کے بانی اور چیف آفیسر نعمان اظہر نے کہاکہ "زندگی کو بلوچستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔ ہم نے اس خطے کو ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنے میں مدد فراہم کی ہےجو پاکستان کے سب سے زیادہ پسماندہ علاقوں میں سے ایک ہے۔ کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات، اور ان کی ٹیم کی دور اندیش قیادت ان انقلابی تبدیلیوں کے پیچھے ایک مضبوط قوت رہی ہے۔زندگی کا کردار صرف نظام کے انتظام تک محدود نہیں ہوگا بلکہ یہ ایک جامع ڈیجیٹل فنانشل انکلوژن پروگرام بھی فراہم کرے گا، تاکہ دونوں اداروں کے ملازمین کو جدید مالیاتی خدمات تک رسائی دی جا سکے اور ڈیجیٹل تقسیم کو کم کیا جا سکے۔اس معاہدے پر دستخط کی تقریب میں کمشنر آفس کوئٹہ اور زندگی کے سینئر حکام نے شرکت کی، جس سے اس شراکت داری کی اہمیت اور بلوچستان میں ڈیجیٹل ترقی کے فروغ کی عکاسی ہوتی ہے۔یہ حکومتی اور نجی شعبے کے درمیان ایک تاریخی اشتراک ہے جو بلوچستان کی انتظامیہ میں ڈیجیٹل تبدیلی کا نیا باب رقم کرے گا اور دیگر پاکستانی علاقوں کے لیے ایک معیار قائم کرے گا۔ اس کے علاوہ، یہ پاکستان میں زندگی کی بطور ایک جدید ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارم کے عزم کو بھی واضح کرتا ہے، جو عوامی و نجی شعبوں میں ترقی کے نئے رجحانات متعارف کروا رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button