محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا کے تحت نئے بھرتی کیے گئے 16,000 اساتذہ میں تقرریوں کے آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورنئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کرام کو مبارکباد دی۔وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

آپ سب اساتذہ کرام میرٹ اور اپنی قابلیت کے بل بوتے پر یہاں پہنچے ہیں، آج مختلف سیاسی پس منظر کے لوگ موجود ہیں، یہ ثابت کرتا ہے کہ سفارش کلچر ختم ہوچکا ہے، یہی میرٹ ہمارا وژن ہے جس کے ذریعے صوبے کی تقدیر بدلیں گے۔ ہم نے عمران خان کے وژن کے مطابق سفارش کلچر ختم کرکے میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا ہے، اگر میرٹ اور شفافیت کے خلاف کسی کی شکایت آئی تو ذمہ دار کے خلاف بھرپور کارروائی ہو گی۔ اساتذہ کرام معاشرے میں روحانی ماں باپ کا درجہ رکھتے ہیں، صوبے کے بچوں کا مستقبل اساتذہ کرام کے ہاتھوں میں ہے، انہی بچوں نے آگے چل کر مختلف مناصب پر فائز ہونا ہے، ہم سب نے مل کر اس صوبے اور ملک کو عظیم بنانا ہے۔وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبر اور پشاور سے مختلف مضامین میں ٹاپ کرنے والے اساتذہ میں تقرریوں کے آرڈرز تقسیم کیے.وزیر اعلٰی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ تعلیم کے تحت اساتذہ کی 16 ہزار خالی آسامییوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے، ان میں 10417 مردانہ جبکہ 5753 فیمیل اساتذہ کی آسامیاں شامل ہیں۔






