چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا 16واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران سمیت متعلقہ افسران کی شرکت کی۔ سی ڈی اے بورڈ کے 16ویں اجلاس میں متعدد ایجنڈا آئیٹمز زیر بحث لائے گئے۔اسلام آباد کے شہریوں کو ریلیف و سہولت فراہم کرنے کیلئے قبر کھدائی اور میت بس کے چارجز معاف کرنے کے فیصلہ کی منظوری دی گئی۔

اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو دکھ کی گھڑی میں ہر ممکن ریلیف و سہولیات فراہم کرنا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے کی اسلام آباد کے قبرستانوں کو مزید میت بسیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔سی ڈی اے بورڈ کے 16ویں اجلاس میں کیپیٹل ہسپتال کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سی ڈی اے ہسپتال کے ذرائع آمدن میں اضافہ کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔بالخصوص (آئی بی پی پی) کیپیٹل ہسپتال میں پرائیویٹ مریضوں کی موجودہ فیسوں کی شرح میں نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔ہسپتال کے زرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کو ہسپتال کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل ہسپتال کو ڈیجیٹلازئڈ اور کیش لیس نظام کیلئے نئے اور جدید کمپیوٹرز اور آلات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں سی ڈی اے انٹرنشپ پالیسی سال 2025 کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پاکستان کی بہترین یونیورسٹیز سے فارغ التحصیل گریجویٹس کی سی ڈی اے کیلئے انٹرنشپ پر خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انٹرنشپ پالیسی کے تحت پاکستان کی بہترین سرکاری و پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے گریجویٹس کو شفاف اور میرٹ کے مطابق رکھا جائے۔اس سے سی ڈی اے کی تمام فارمیشنز میں افرادی قوت پوری ہوگی بلکہ جدید مہارتوں سے لیس افرادی قوت بھی میسر ہوگی۔ اجلاس میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متصل اے این ایف کے آفس کے قیام کیلئے جگہ کی منظوری دی گئی۔اسلام آباد میں پولیس اسٹیشن کی تعمیر کیلئے زمین الاٹمنٹ کی درخواست کو قواعد و ضوابط کے مطابق منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سیکٹر F-10، اسلام آباد کی سروس روڈ (ایسٹ) کا نام قومی کھلاڑی "ارشد ندیم روڈ” رکھنے کے حوالے سے تجویز فیڈرل گورنمنٹ کو منظوری کیلئے بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد میونسپل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی لینڈ فل سائٹ کے استعمال کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کے ساتھ کرایہ کا معاہدہ قواعد و ضوابط کے مطابق طے کرنے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اسلام آباد ویسٹ ٹرانسفر اسٹیشن (آئی-9، آئی-11 اور کسی دیگر سائٹس) سے سالڈ ویسٹ کی نقل و حمل ڈمپنگ سائٹ، چک بیلی خان روڈ، راولپنڈی تک راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کی خدمات کی مدت میں توسیع کرنے کی منظوری دی گئی۔سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں ادارے کے گریڈ 15 اور 16 میں تعینات سٹیٹسکل اسسٹنٹ ملازمین کے اپ گریڈیشن کے طریقے کار کو فنانس ڈویژن کے رولز کے مطابق اپنانے کی منظوری دی گئی۔چیئرمین سی ڈی اے کی تمام فیصلہ جات پر عملدرآمد کے حوالے سے شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی، شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور اسلام آباد کی بیوٹفکیشن سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔






