بلدیہ عظمٰی کراچی کی سٹی کونسل کا اجلاس،اہم فیصلے

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت سٹی کونسل ہال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی پی اے ایس، مشیر مالیات گلزار ابڑو، میئر کراچی کے سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمد، ڈی جی ٹی ایس طارق مغل اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے، اجلاس کے دوران متعلقہ انجینئرز نے میئر کراچی کو شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے محکمہ انجینئرنگ کی از سر نو تشکیل کے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے شفافیت، کارکردگی اور تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے پر زور دیا، انہوں نے ہدایت کی کہ ایک مرکزی ادائیگی کا نظام بنایا جائے جسے فنانشل ایڈوائزر سے منظور کرایا جائے اور تکمیل کا سرٹیفکیٹ فنانس ڈپارٹمنٹ میں جمع کرانے کے بعد ہی ادائیگی کی جائے،مزید برآں میئر کراچی نے ہدایت کی کہ ضلعی اے ڈی پی، صوبائی اے ڈی پی، ایمرجنسی کاموں اور کلک پروجیکٹس کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں جبکہ ٹیم کو مزید مستحکم اور ہدفی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی آسامیوں کی تخلیق پر بھی غور کیا جائے،ایک بڑے فیصلے کے تحت میئر کراچی نے سختی سے واضح کیا کہ کے ایم سی کے دائرہ اختیار میں کسی بھی ترقیاتی کام کا آغاز بغیر باقاعدہ منظوری اور این او سی کے نہیں ہوگا، خواہ وہ کسی بھی محکمے، ادارے یا حکومت کی طرف سے ہو،عوامی سہولت کے پیش نظر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ سڑکوں کی بحالی اور کٹنگ کے تمام کام شفاف اور مسابقتی ٹینڈر کے ذریعے کرائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو تکلیف سے بچایا جاسکے، یہ فیصلے کے ایم سی میں ادارہ جاتی اصلاحات، احتساب اور پائیدار شہری ترقی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

جواب دیں

Back to top button