پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس2025 کے انتظامات کےلئے اجلاس ،کانفرنس اور نمائش 3 سے 6 نومبر ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (پی آئی ایم ای سی) 2025 کو پاکستان کی نیلی معیشت کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا ہے جو بحری جدت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے گا۔انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کی وسیع بحری صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا اور ملک کو خطے کے ایک نمایاں بحری مرکز کے طور پر مستحکم کرے گا۔یہ باوقار تقریب پاکستان نیوی کے اشتراک سے تین سے چھ نومبر 2025 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی، صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، ذوالفقار شاہ اور جام اکرام اللہ دھاریجو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور سندھ حکومت و پاکستان نیوی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اپنے ابتدائی کلمات میں وزیراعلیٰ نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سندھ حکومت کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس موقع کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پاکستان کی بحری قوتوں کو نمایاں کرے گی اور اسے ایک علاقائی مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان نیوی کی قیادت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بحری ترقی روزگار، تجارت اور معاشی استحکام کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون سے کام کریں تاکہ ایکسپو کے تمام انتظامات بے عیب انداز میں مکمل ہوں اور بین الاقوامی بحری تعاون کے لیے نئے معیار قائم کیے جا سکیں۔دوسرے سیشن کی صدارت وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے کی جس میں انتظامی، لاجسٹک اور سیکیورٹی تیاریوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی محکموں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایونٹ پارٹنرز کے درمیان رابطہ کاری سے متعلق تفصیلی بریفنگز دی گئیں۔وائس ایڈمرل عباسی نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 میں میری ٹائم نمائش، بین الاقوامی کانفرنس، ثقافتی شو اور کاروباری ملاقاتیں شامل ہوں گی۔ یہ ایونٹ صنعتکاروں، محققین، پالیسی سازوں اور سرمایہ کاروں کے لیے بحری شعبے میں ٹیکنالوجی، جدت اور شراکت داریوں کے مواقع فراہم کرے گا۔شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کی کامیابی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کی بحری صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے، عالمی روابط کو فروغ دیا جا سکے اور ملک کی حیثیت کو ایک ترقی پسند اور جدید بحری قوت کے طور پر مستحکم کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے تمام شہری اداروں کو ہدایت کی کہ میری ٹائم ایکسپو سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں اور ایکسپو سینٹر آنے جانے والے راستوں کی بہتری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ ایک مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کیا جائے اور ایئرپورٹ، ہوٹلوں اور ایکسپو سینٹر کے درمیان آنے جانے والے مندوبین کے لیے خصوصی راستے مقرر کیے جائیں تاکہ مہمانوں کو کسی قسم کی دقت نہ ہو۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستے بھی تیار کیے جائیں تاکہ ٹریفک میں کم سے کم خلل پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ شہریوں کو عارضی طور پر کچھ مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، لیکن کراچی کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس جیسے باوقار ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے جو قومی اور علاقائی بحری منظرنامے میں شہر کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button