چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں موجودہ سیکٹرز کی خوبصورتی اور بحالی و بہتری کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ڈائریکٹر جنرل انفراسٹرکچر، ڈائریکٹر جنرل ورکس سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ سیکٹرز کی خوبصورتی اور بحالی و بہتری سے متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔ اس سلسلے میں مختلف سیکٹرز و مراکز کی خوبصورتی اور بہتری کے حوالے سے ڈیزائن و مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹرز و مراکز کی بحالی و بہتری کے تحت موجود پارکنگ ایریاز، فٹ پاتھوں کی مرمت اور سائیکل ٹریکس تعمیر کئے جائینگے۔

اسی طرح اس منصوبے کے تحت سیکٹرز میں خراب سٹریٹ لائٹس و لائٹنگ کا انتظام بھی کیا جائیگا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے سائنیج بورڈز کی تنصیب اور لین مارکنگ بھی کی جائیگی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سیکٹرز اور کمرشل مراکز میں سیوریج و ڈرینج سسٹم سمیت مین ہولز اور کرب سٹونز کی تعمیر و مرمت بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔ اسی طرح سیکٹرز میں پارکنگ ایریاز کی بہتری اور مرمت کے حوالے سے بھی کام کیا جائیگا اور ان سیکٹرز کو خوبصورت بنانے کیلئے باقاعدہ لینڈ سکیپنگ بھی کی جائیگی۔ گرین بیلٹس اور چوراہوں پر لینڈ سکیپنگ کو فروغ دیکر انکی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جائیگا۔ اس ضمن میں ماحول دوست شجرکاری اور پھولوں کی کیاریوں کی بحالی پر کام کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ پرانے سیکٹرز کو بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کے اعلیٰ معیار اور مناسب لاگت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ مجوزہ ڈیزائنز و تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ بروقت کام کا آغاز کیا جاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسی طرح دکانوں کے باہر جنریٹرز اور تجاوزات کا بھی فوری خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹرز کی خوبصورتی اور بحالی و بہتری کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد شہر کو خوبصورت بنانے کیساتھ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔





