چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سال 2026 کا سی ڈی اے بورڈ کا پہلا اجلاس

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سال 2026 کا سی ڈی اے بورڈ کا پہلا اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی جبکہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اجلاس میں بذریعہ زوم لنک شرکت کی۔ سال 2026 کے سی ڈی اے بورڈ کے پہلے اجلاس میں متعدد ایجنڈا آئٹمز زیر بحث لائے گئے۔تفصیلات کے مطابق، سی ڈی اے بورڈ کے پہلے اجلاس میں لوئر کورٹس سے متصل وکلاء چیمبرز اور کثیر المنزلہ پارکنگ ایریا کی تعمیر کیلئے پلاٹ کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی۔

وکلاء چیمبرز اور کثیر المنزلہ پارکنگ کی تعمیر کیلئے پلاٹ پہلے سے الاٹ شدہ پلاٹ کے متبادل منسٹری آف لاء اینڈ جسٹس کی درخواست پر دیا گیا ہے۔اجلاس میں پاکستان انجنئیرنگ کونسل کو بھی پلاٹ الاٹ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں Mauve Area میں فیلڈ آڈٹ آفس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے اراضی کی فراہمی کی درخواست پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں، سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے شاہدرہ ڈیم منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی و تفصیلی ڈیزائن، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اسٹڈی اور کنڈکشن لائنز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامی حدود کیلئے ڈیجیٹل بیس میپ، جغرافیائی ویب پورٹلز اور فیصلہ سازی کے نظام کیلئے جی آئی ایس پر مبنی ڈیٹا سیٹس تیار کرنے کیلئے سپارکو اور جنرل سروے آف پاکستان سے تکینیکی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔بعد ازاں، سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی عمارت میں فائر ڈیٹیکشن، فائر سپریشن، لائف سیفٹی اور ایچ وی اے سی سسٹمز کی تشخیص، بحالی، اپ گریڈیشن، ڈیزائننگ، خریداری اور تعمیر کیلئے سرکاری/ سرکاری ملکیت میں موجود ادارے (ایس او ای) کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

جواب دیں

Back to top button