ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ ٹریفک کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات شہریوں کے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں، خصوصاً رمضان المبارک کے دوران جب بازاروں اور شاہراہوں پر غیرمعمولی رش دیکھنے میں آتا ہے، ایسے مواقع پر منظم ٹریفک نظام نہ صرف وقت کی بچت کا باعث بنتا ہے بلکہ شہریوں کو ذہنی دباؤ اور مشکلات سے بھی محفوظ رکھتا ہے، متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت منصوبہ بندی شہری سہولت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، رمضان المبارک کے دوران ٹریفک دباؤ میں اضافہ ہو جاتا ہے ایسے میں شہریوں اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے ہی بہتر ٹریفک نظام ممکن ہے، روڈ سیفٹی آگاہی پروگرامز وقت کی اہم ضرورت ہے اس طرح کی سرگرمیاں حادثات میں کمی اور شہری نظم و ضبط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،رمضان المبارک کے دوران ٹریفک کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات خوش آئند ہیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، ٹریفک پولیس، سٹی وارڈنز اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر رمضان کے دوران ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ (CIIM) میں ٹریفک پولیس، پاکستان ہلال احمر(سندھ) اور محکمہ سٹی وارڈن کی مشترکہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان نیوی کے کمانڈر (ریٹائرڈ) علی حیدر، سندھ پولیس ایکسیڈنٹ اینالیسس اینڈ ریسرچ سینٹر (SPAARC) کے انچارج علی سہاگ، ڈی آئی جی ٹریفک کے نمائندے ایس او ناصر احمد، مائنڈ سائنس مہرین مشتاق، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ کے ڈائریکٹر شاہد، متعلقہ اداروں کے افسران اور نمائندگان بھی موجود تھے، سندھ پولیس ایکسیڈنٹ اینالیسس اینڈ ریسرچ سینٹر (SPAARC) کے انچارج علی سہاگ نے رمضان المبارک میں جلدباز افراد سے نمٹنے اور ٹریفک کنٹرول مینجمنٹ کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کی اور شہریوں کو صبر، برداشت اور قوانین کی پابندی کی تلقین کی، پاکستان نیوی کے کمانڈر (ریٹائرڈ) علی حیدر، ڈی آئی جی ٹریفک کے نمائندے ایس او ناصر احمد، مائنڈ سائنس مہرین مشتاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا عملی اقدامات کرنا، عوام کو ٹریفک قوانین، متبادل راستوں اور پارکنگ کے بہتر انتظام سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں تو رش میں واضح کمی لائی جا سکتی ہے، اس مقصد کے لیے میڈیا، سوشل پلیٹ فارمز اور فیلڈ اسٹاف کے ذریعے رہنمائی فراہم کرنا مؤثر ثابت ہو سکتا ہے،مزید برآں، مربوط حکمت عملی اور بین الادارہ تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ رمضان المبارک میں شہریوں کو آمدورفت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ٹریفک پولیس، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ کارروائیاں ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی،ورکشاپ سے دیگر مقررین نے بھی تفصیلی خطاب کیا، ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء کو شیلڈز دی گئیں جبکہ شرکاء نے روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔





