میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی میں مرکزی سڑکوں سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا

کراچی( بلدیات ٹائمز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی گلزار ہجری سچل گوٹھ میں مرکزی سڑکوں اور پیور بلاکس اسٹریٹس کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، ٹاؤن چیئرمین صفورہ راشد خاصخیلی، چیئرمین یوسی۔3 سچل گوٹھ تاج وسیم، منتخب نمائندے اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے سچل گوٹھ میں شروع کیا جانے والا یہ منصوبہ شہری سہولیات کی بہتری کی جانب اہم پیشرفت ہے جس پر مجموعی طور پر تقریباً55 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، انہوں نے بتایا کہ مرکزی سڑک 2800 فٹ طویل ڈوئل کیرج وے پر مشتمل ہے جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی،منصوبے کے تحت 47 پیور بلاکس سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ علاقے میں 72 جدید ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی گئی ہیں تاکہ رات کے اوقات میں روشنی اور تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، اس کے ساتھ ساتھ سیوریج لائن کی بہتری اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے پانی کی نئی سپلائی لائن بھی شامل کی گئی ہے،

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شہری انفراسٹرکچر کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا اور ضلع شرقی میں سڑکوں کی بحالی سے ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے علاقے کے مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے اور ان کی روزمرہ زندگی میں آسانی آئے گی،شہر کے ہر علاقے میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اور کراچی کے عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے کراچی میں شروع کیا گیا خدمت کا سلسلہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے، پارٹی قیادت کو شہریوں کی مشکلات کا مکمل اندازہ ہے اور عوام کو امیدیں بھی پاکستان پیپلزپارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وابستہ ہیں،رواں سال کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سال ثابت ہوگا اور شہر بھر میں تیزی سے منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ضلع شرقی کے عوام کو بی آر ٹی ریڈ لائن کے باعث مشکلات کا سامنا ہے تاہم اس منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور مارچ سے جولائی کے دوران اس کے مختلف حصے مکمل ہونا شروع ہوجائیں گے جس سے شہریوں کی پریشانی کم ہوگی، انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے بلوچ کالونی ایکسپریس وے کا کام مکمل ہوجائے گا اور قیوم آباد سے شہید ملت روڈ تک اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا جبکہ اتوار کے روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ملیر بھینس کالونی فلائی اوور کا افتتاح کریں گے،انہوں نے کہا کہ کورنگی سے ابراہیم حیدری تک سڑک کی تعمیر بھی شروع کی جارہی ہے جس میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ علاقہ مکینوں کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوسکیں، ان کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی رواں سال شہر کی ترقی پر 46 ارب روپے خرچ کرے گی جبکہ ٹاؤنز کی اندرونی گلیوں کی بہتری کیلئے 13 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے اس سلسلے کو منفی سیاست اور رکاوٹوں سے بچانا ہوگا تاکہ کراچی کو آگے بڑھایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں کراچی کی نمائندہ جماعتیں ہیں اور انہیں اپنی حدود میں رہتے ہوئے عوامی خدمت کے لیے کام کرنا ہوگا، اسی میں شہر اور ملک کی ترقی ہے،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نعیم الرحمان اپنے ٹاؤنز چیئرمین سے کہیں کہ روڈ کٹنگ اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص اربوں روپے فوری طور پر خرچ کریں تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پر بھی عوام کو گیس اور بجلی کی مسلسل فراہمی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، کیا وہ لوڈشیڈنگ اور گیس کے مسائل حل کر پار ہی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو کارکردگی کے ذریعے خود کو ثابت کرنا ہوگا اور باہمی تعاون سے ہی کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور ہر علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button