میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سوئفٹ رسپانس ٹیم نے شہر کی مختلف سڑکوں پر گڑھوں اور کھدائی کی جگہوں کو ہنگامی بنیادوں پر بھرنے اور سڑکوں کی بحالی کا کام تیز کردیا ہے، اس اقدام کا مقصد شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا فوری ازالہ اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سڑکوں پر موجود گڑھے اور کھدائی کی جگہیں نہ صرف شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتی ہیں بلکہ ان کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے اور مختلف مقامات پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سوئفٹ رسپانس ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے مقامات کی نشاندہی کرکے فوری طور پر گڑھوں اور کھدائی کی جگہوں کو پُر کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت حاصل ہو،انہوں نے کہا کہ شہر میں سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فوری نوعیت کے کاموں کو ترجیح دی جارہی ہے،
سوئفٹ رسپانس ٹیم کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر جاری کام کے نتیجے میں سڑکوں پر موجود گڑھوں کو پُر کیا جارہا ہے جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی،میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، گلیوں اور اہم شاہراہوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔





